سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے جنوبی افریقی دستے کا اعلان

0 1,000

جنوبی افریقہ نے اگلے ماہ سری لنکا کے خلاف مکمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے لیے اپنے 13 رکنی دستے کا اعلان کر دیا ہے جس میں الویرو پیٹرسن اور مرچنٹ دے لینگ کو شامل اور لونوابو سوٹسوبے، ژاں پال ڈومنی اور پال ہیرس کو نکالا گیا ہے۔

پیٹرسن ژاک روڈلف کی جگہ کپتان گریم اسمتھ کے ساتھ اوپننگ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ روڈلف مقامی کرکٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد منتخب کیے گئے تھے لیکن وہ آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی حالیہ سیریز میں توقعات پر پورا نہ اتر سکے اس لیے انہیں اوپننگ کی ذمہ داریوں سے برخاست کر دیا گیا ہے اب وہ سری لنکا کے خلاف مڈل آرڈر میں کھیلیں گے۔ مقامی کرکٹ کے دوسرے بہترین بلے باز الویرو پیٹرسن فرسٹ کلاس سیزن میں 55.12 کی اوسط سے 441 رنز بنا چکے ہیں۔ وہ گزشتہ ماہ آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچ میں گیند بازوں کے لیے مددگار وکٹ پر 103 رنز کی جرات مندانہ اننگز بھی کھیل چکے ہیں۔

ویرنن فلینڈر کے یادگار ڈیبیو نے لونوابو سوٹسوبے کو ٹیسٹ ٹیم میں جگہ مضبوط کرنے سے روک دیا ہے (تصویر: Getty Images)
ویرنن فلینڈر کے یادگار ڈیبیو نے لونوابو سوٹسوبے کو ٹیسٹ ٹیم میں جگہ مضبوط کرنے سے روک دیا ہے (تصویر: Getty Images)

رواں سال نوجوان گیند بازوں کے لیے یادگار ثابت ہونے کے باعث جنوبی افریقہ نے ایک اور نوجوان گیند باز کو ٹیم میں شامل کیا ہے یعنی 21 سالہ دے لینگ کو جو محض 14 فرسٹ کلاس مقابلوں کا تجربہ رکھتے ہیں اور اپنا پہلا سیزن کھیل رہے ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف مذکورہ ٹور میچ میں 5 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد وہ سلیکٹرز کی نظروں میں آئے۔ دے لینگ کی خاص بات ان کی برق رفتاری ہے اور چند بلے بازوں کے مطابق وہ مورنے مورکل سے بھی زیادہ تیز رفتار ہیں۔ البتہ فائنل الیون میں ان کی شمولیت کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں کیونکہ وہ انگوٹھے کی تکلیف کا شکار ہیں۔

شکستوں کے گرداب میں پھنسے سری لنکا کے خلاف جنوبی افریقہ کا باؤلنگ اٹیک انہی گیند بازوں پر مشتمل ہوگا جنہوں نے حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف معرکہ آرائی کی ہے یعنی ڈیل اسٹین، ویرنن فلینڈر، مورنے مورکل اور عمران طاہر۔

جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف سیریز کا پہلا ٹیسٹ 15 دسمبر سے سنچورین میں شروع ہوگا جس سے قبل مہمان ٹیم جمعے سے بینونی میں سہ روزہ ٹور میچ کھیلے گی۔

اعلان کردہ جنوبی افریقی دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے (نام بلحاظ حروف تہجی):

گریم اسمتھ (کپتان)، ابراہم ڈی ولیئرز، الویرو پیٹرسن، ایشویل پرنس، ڈیل اسٹین، ژاک روڈلف، ژاک کیلس، عمران طاہر، مارک باؤچر، مرچنٹ دے لینگ، مورنے مورکل، ہاشم آملہ اور ویرنن فلینڈر۔