شعیب اختر کی کتاب "Controversially Yours"

1 1,103

2011ء اپنی تمام تر حشر سامانیوں کے بعد اب آخری سانسیں لے رہا ہے اور رواں سال دنیائے کرکٹ میں سب سے زیادہ ہنگامہ خیزی پیدا کرنے والوں میں شعیب اختر کا نام سرفہرست رہا۔ جی ہاں! عالمی کپ کے دوران ریٹائر ہونے والے پاکستان کے سابق تیز گیند باز نے اس مرتبہ تنازع اپنی برق رفتار گیند بازی سے نہیں بلکہ اپنی آپ بیتی "Controversially Yours" کے ذریعے پیدا کیا اور خاص طور پر اس نے ہندوستان میں تہلکہ مچایا۔

اس کتاب کا ایک نسخہ مجھے بھارت میں کرک نامہ کے لکھاری سلمان غنی کی مدد سے ملی، کیونکہ اس وقت کتاب پاکستان میں دستیاب نہیں تھی لیکن سلمان اور ان کے بھائی کامران نے بطور تحفہ مجھے نئی دہلی سے بھیجی۔ اس طرح اس مشہور کتاب کو پڑھنے کی خوشی ان کی محبتوں کی وجہ سے دوچند ہو گئی۔

Controversially Yours بھارتی صحافی انشو ڈوگرہ کی مدد سے لکھی گئی ہے جس میں شعیب اختر نے اپنے بچپن سے لے کر ریٹائرمنٹ تک کے ایام کو قلمبند کیا ہے۔ بحیثیت مجموعی کتاب شعیب کی شخصیت کی طرح چٹخارے دار اور خود ستائشی پر مبنی ہے لیکن میرےلیے کتاب کا سب سے پسندیدہ حصہ وہ رہا جس میں شعیب نے اپنے بچپن اور شہرت پانے سے قبل کے ایام کا احوال لکھا ہے اس کے علاوہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے منظرعام پر آنے کے بعد اور عالمی کپ 2011ء میں اختتامی ایام والا حصہ بھی پڑھنے لائق ہے۔

اس کتاب کے مطالعے کے بعد میں نے کرک نامہ کے قارئین کی دلچسپی کے لیے اقتباسات پیش کرنے کے بارے میں سوچا لیکن یہ بات واضح کرتا چلوں کہ اصل مزہ خود کتاب خرید کر پڑھنے میں ہے، تاکہ اس سے حاصل ہونے والی آمدنی سے لکھاری کو بھی کچھ فائدہ مل سکے۔ اگر وہ لکھاری شعیب جیسا مایہ ناز گیند باز ہو تو یہ ان کے لیے آپ کا معمولی خراج تحسین ہوگا۔ یہاں اقتباسات پیش کرنے کا مقصد صرف اور صرف اس کتاب کے حوالے سے اتنی دلچسپی پیدا کرنا ہے کہ قاری اس کو خریدنے پر مجبور ہو جائے۔

بدقسمتی سے کتاب بھارت میں سستی ہے، قیمت تو 500 بھارتی روپے درج ہے لیکن مختلف ویب اسٹورز اسے 250 سے 300 روپے میں فروخت کر رہے ہیں یعنی کہ تقریباً 500 سے 600 پاکستانی روپے۔ جبکہ پاکستان میں یہ کتاب لبرٹی بکس کے ذریعے ہر بڑے شہر میں دستیاب ہے اور بذریعہ ویب سائٹ آن لائن بھی خریدی جا سکتی ہے لیکن اس کی قیمت ایک ہزار روپے ہے۔ اگر کسی قاری کو یہ کتاب خریدنے میں مشکل پیش آ رہی ہے، یا یہ اس کے شہر کے کتب خانوں پر دستیاب نہیں ہے تو وہ کرک نامہ انتظامیہ سے رابطہ کر کے محض کتاب کی قیمت اور بھیجنے کے اخراجات ادا کر کے کتاب اپنے گھر پر منگوا سکتا ہے۔ ہمیں اپنے قارئین کے لیے یہ خدمت انجام دے کر خوشی محسوس ہوگی۔

یہ لبرٹی بکس پر شعیب اختر کی کتاب کا لنک ہے۔ بہت زیادہ فروخت ہونے کے باعث فی الحال ان کے پاس ذخیرہ ختم ہو چکا ہے تاہم جیسے ہی نیا ایڈیشن آئے گا آپ خود بھی اس لنک پر جا کر کتاب آرڈر کر سکتے ہیں۔

کتاب کیونکہ انگریزی میں ہے اس لیے ہم اپنے قارئین کی دلچسپی کے لیے اس کے چند دلچسپ حصوں کا اردو ترجمہ پیش کریں گے۔ امید ہے کہ قارئین اس سلسلے سے محظوظ ہوں گے۔