جولین فاؤنٹین کے پاکستان فیلڈنگ کوچ بننے کا امکان

4 1,026

پاکستان کرکٹ بورڈ نئے چیئرمین ذکا اشرف کی نگرانی میں پاکستان کرکٹ کو ایک مرتبہ پھر عروج کی جانب گامزن کرنے کے لیے کوششیں کر رہا ہے اور اس سلسلے میں پاکستان نے نئے ہیڈ کوچ کے علاوہ کھیل کے تینوں اہم شعبوں باؤلنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کے لیے علیحدہ علیحدہ کوچز کی تقرری کا فیصلہ کیا ہے اور ان آسامیوں کے لیے اشتہارات بھی پی سی بی کی ویب سائٹ پر شایع کیے گئے۔ عارضی طور پر چیف سلیکٹر محسن خان کو ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا جنہوں نے سری لنکا اور بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی کے بعد اس معاملے پر بورڈ کی رائے منقسم نظر آ رہی ہے کیونکہ متعدد سینئر کھلاڑی محسن خان کی جبکہ بورڈ کے عہدیداران نئے خصوصاً غیر ملکی کوچ کی تقرری کے خواہاں ہیں۔ تاہم اس ضمن میں ایک پیشرفت ضرور نظر آئی ہے اور معلوم ہوا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے معروف کوچ جولین فاؤنٹین کو پاکستان کا نیا فیلڈنگ کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کوچ تلاش کمیٹی نے انگلستان سے تعلق رکھنے والے فاؤنٹین کے نام کو حتمی شکل دے دی ہے۔

جولین فاؤنٹین حال ہی میں بنگلہ دیش کے فیلڈنگ کوچ رہ چکے ہیں (تصویر: AP)
جولین فاؤنٹین حال ہی میں بنگلہ دیش کے فیلڈنگ کوچ رہ چکے ہیں (تصویر: AP)

2006ء میں پاکستان کے لیے خدمات انجام دینے والے فاؤنٹین کو رواں ماہ باضابطہ طور پر پاکستان کی فیلڈنگ کو بہتر بنانےکی ذمہ داری دی جا سکتی ہے جس کا اعلان جلد ہی کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گو کہ فاؤنٹین کی بطور فیلڈنگ کوچ تقرری کو حتمی شکل دے دی گئی ہے لیکن ان کے ساتھ مالی معاملات پر مذاکرات ابھی جاری ہیں، وہ 15 ہزار ڈالرز ماہانہ طلب کر رہے ہیں جبکہ بورڈ انہیں 8 ہزار ڈالرز ماہانہ ادا کرنا چاہتا ہے۔

ہیڈ کوچ کی تقرری کا معاملہ ابھی تک لٹکا ہوا ہے، جس کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیو واٹمور کا نام حتمی ہے لیکن ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی چند سینئر کھلاڑیوں کی جانب سے ان کی تقرری کی مخالفت کی گئی ہے جس کی وجہ سے یہ معاملہ تاخیر کا شکار ہو رہا ہے۔ اپنے سخت گیر رویے کے باعث مشہور ڈیو واٹمور کو ماضی میں بھی پاکستان کا کوچ مقرر کیا جا رہا تھا لیکن ٹیم کے سینئر ترین اراکین کی جانب سے مخالفت کے بعد بورڈ نے جیف لاسن کو کوچ بنایا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چند معاملات پر ڈیو واٹمور سے مذاکرات ابھی چل رہے ہیں کیونکہ وہ فیصلہ سازی میں اہم کردار اور ہماری توقعات سے زیادہ تنخواہ طلب کر رہے ہیں۔

جولین فاؤنٹین 2001ء میں پاکستان 'اے' کے فیلڈنگ کوچ رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ پی سی بی کی ریجنل کرکٹ اکیڈمیز کے لیے بھی خدمات انجام دے چکے تھے جس کے بعد پاکستان کے اس وقت کے کوچ باب وولمر نے انہیں 2006ء میں دورۂ انگلستان کے لیے قومی ٹیم میں طلب کیا۔

جولین فاؤنٹین برطانیہ کے بیس بال کھلاڑی کھلاڑی رہ چکے ہيں اور بین الاقوامی سطح پر برطانیہ کی نمائندگی تک کر چکے ہیں۔ وہ پہلے بیس بال کھلاڑی ہیں جو ٹیسٹ سطح پر فیلڈنگ کوچ رہے ہیں۔ وہ پاکستان کے علاوہ ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش اور انگلستان میں فیلڈنگ اور اسسٹنٹ کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ عالمی کپ 1999ء میں ویسٹ انڈیز اور عالمی کپ 2011ء میں بنگلہ دیش کے کوچنگ عملے کا حصہ تھے۔