پاک-انگلستان سیریز: سعید اجمل کا نشانہ 'کیون پیٹرسن'

0 1,013

پاکستان کے مایہ ناز اسپنر سعید اجمل کا کہنا ہے کہ پاکستان کا باؤلنگ اٹیک مکمل فارم میں ہے اور وہ ایک مقابلے میں انگلستان کے بلے بازوں کو دو مرتبہ آؤٹ کرنے کی تمام تر صلاحیتوں سے لیس ہے۔ سعید کا کہنا ہے کہ سیریز میں ان کا خاص نشانہ کیون پیٹرسن ہوں گے۔

جمعے کو کرک نامہ سے گفتگو کرتے ہوئے سعید اجمل نے کہا کہ "ہم اس وقت بھرپور تیاری کے ساتھ ہیں، ہم نے سری لنکا اور پھر بنگلہ دیش کے خلاف عمدہ کارکردگی کا تسلسل جاری رکھا ہے اور اب انگلستان کا سامنا کرنے کو تیار ہیں۔" انہوں نے کہا کہ "ہم جانتے ہیں کہ انگلستان اس وقت ٹیسٹ کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست ہے لیکن ہم بھی اپنی کارکردگی کو بہتر بنا رہے ہیں اور اب دنیا کی کسی بھی ٹیم کو زیر کر سکتے ہیں۔"

ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے خلاف 36.21 کے اوسط کے ساتھ 2 سنچریوں اور اتنی ہی نصف سنچریو ں کی مدد سے 688 رنز بنانے والے کیون پیٹرسن سیریز میں پاکستان کے خلاف خطرہ بن سکتے ہیں لیکن سعید اجمل کا کہنا ہے کہ وہ پیٹرسن کو اپنے خاص نشانے پر رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ "میں پہلے بھی پیٹرسن کو تین، چار مرتبہ آؤٹ کر چکا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ اس سیریز میں بھی با آسانی ان پر قابو پا لوں گا۔" سعید کا کہنا تھا کہ "میں کسی مخصوص بلے باز پر توجہ مرکوز نہیں کرتا، میرے خیال میں اگر ہمیں جیتنا ہے تو ہمیں آخری وکٹ کے حصول تک جان لڑانا ہوگی۔"

ماہرین کرکٹ سیریز میں سعید اجمل اور گریم سوان کے کردار کو اہم قرار دے رہے ہیں (تصویر: AFP)
ماہرین کرکٹ سیریز میں سعید اجمل اور گریم سوان کے کردار کو اہم قرار دے رہے ہیں (تصویر: AFP)

پاکستان کے گیند بازوں میں انگلستان، جس کے تین بلے باز (ایلسٹر کک، این بیل اور جوناتھن ٹراٹ) اس وقت عالمی درجہ بندی کے سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں شامل ہیں، کو ایک مقابلے میں دو مرتبہ آؤٹ کرنے کی صلاحیت کے حوالے سے سعید اجمل کا کہنا تھا کہ "یہ نہ کہیں کہ ہم ایسا کر سکتے ہیں یا نہیں کر سکتے، بلکہ ہم ایسا کر کے دکھائیں گے۔ ہمارا باؤلنگ اٹیک اس وقت اپنے عروج پر ہے اور ہم انگلستان کے خلاف بہترین نتائج دیں گے۔" انہوں نے کہا کہ پاکستان سیریز میں فتح کے لیے کھیلے گا، ڈرا کے لیے نہیں۔

سعید اجمل نے سال 2011ء میں سب سے زیادہ یعنی 50 وکٹیں حاصل کی ہیں اور اس کے علاوہ وہ ٹیسٹ کی درجہ بندی میں سرفہرست 10 گیند بازوں میں بھی شامل ہیں جبکہ ایک روزہ میں وہ نمبر ایک ہیں۔ مستقل کارکردگی کے بعد اب ان کی صلاحیتوں کا اصل امتحان دنیا کے بہترین بلے بازوں کے سامنے ہوگا۔ ماہرین کرکٹ بھی متحدہ عرب امارات کی نسبتاً سست وکٹوں پر پاک-انگلستان سیریز کو دراصل سعید اجمل اور گریم سوان کا مقابلہ کہہ رہے ہیں اور اس ضمن میں ماضی کے عظیم کھلاڑی اور معروف کمنٹیٹر جیفری بائیکاٹ کا کہنا ہے کہ پاکستانی گیند باز خصوصاً سعید اجمل متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز میں عمدہ باؤلنگ کریں گے۔

انگلستان نے سعید اجمل کے خطرے سے نمٹنے کے لیے اپنے بلے بازوں کو خصوصی تربیتی کیمپ پر بھارت بھیجا ہے تاکہ وہ برصغیر کی کنڈیشنز میں خود کو ایڈجسٹ کر سکیں اور اسپن وکٹوں پر کھیلنے کی مشق کر سکیں۔

پاکستان اور انگلستان کے درمیان سیریز کا باضابطہ آغاز 17 جنوری کو دبئی میں پہلے ٹیسٹ سے ہوگا جس کے بعد دونوں ٹیمیں مزید دو ٹیسٹ، 4 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلے کھیلیں گی۔ یہ اسپاٹ فکسنگ تنازع کے منظر عام پر آنے کے بعد دونوں ملکوں کی پہلی ٹیسٹ سیریز ہوگی۔ اس تنازع کے نتیجے میں پاکستان کو اپنے دو بہترین گیند بازوں محمد عامر اور محمد آصف سے محروم ہونا پڑا جو اِس وقت سابق کپتان سلمان بٹ کے ساتھ برطانیہ میں قید کی سزائیں بھگت رہے ہیں۔