ڈیو واٹمور پاکستان پہنچ گئے، پی سی بی عہدیداران سے ملاقات کریں گے

0 1,019

پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے لیے مضبوط ترین امیدوار ڈیو واٹمور معاملات کو حتمی شکل دینے کے لیے لاہور پہنچ گئے ہیں جہاں وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیداران سے ملاقات کریں گے جس کے بعد ان کی تقرری یا عدم تقرری کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ڈیو واٹمور لاہور کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے باہر آ رہے ہیں (تصویر: AP)
ڈیو واٹمور لاہور کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے باہر آ رہے ہیں (تصویر: AP)

گزشتہ سال اگست میں وقار یونس کے استعفے کے بعد سے پاکستان کے ہیڈ کوچ کا مستقل عہدہ خالی ہے۔ عارضی طور پر چیف سلیکٹر محسن خان کو ذمہ داریاں دی گئی ہیں جنہوں نے پہلے سری لنکا کے خلاف سیریز اور دورۂ بنگلہ دیش میں کوچنگ سنبھالی اور اب ممکنہ طور پر انگلستان کے خلاف اہم ترین سیریز میں آخری مرتبہ پاکستان کی کوچنگ کا شرف حاصل کریں گے۔ گو کہ وہ ان 30 افراد میں شامل ہیں جنہوں نے ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے درخواستیں جمع کرا رکھی ہیں لیکن فی الوقت ان کی مستقل تقرری کا کوئی امکان نظر نہیں آتا۔ خصوصا چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ذکا اشرف کے حالیہ بیانات کے بعد تو ہر گز نہیں، جس میں چیئرمین نے انہیں 'نان کوالیفائیڈ' کوچ قرار دیا ہے۔

ماضی میں سری لنکا اور بنگلہ دیش کی کوچنگ کرنے والے ڈیو واٹمور دنیائے کرکٹ کے معروف و پیشہ ور ترین کوچز میں شمار کیے جاتے ہیں۔ ان کی زیر تربیت سری لنکا نے 1996ء میں عالمی کپ جیتا جبکہ بنگلہ دیش نے نہ صرف ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی فتح حاصل کی بلکہ 2007ء کے عالمی کپ میں یادگار کارکردگی کا مظاہرہ بھی کیا۔ واٹمور نے حال ہی میں انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی کوچنگ سے استعفیٰ دیا ہے جس کے بعد کرکٹ حلقوں میں یہ خبر بہت تیزی سے گردش کر رہی ہے کہ وہ یقینی طور پر پاکستان کے نئے کوچ ہوں گے۔ کرک نامہ نے کئی ماہ قبل یہ خبر دے دی تھی کہ پاکستان کے نئے کوچ کے لیے سب سے مضبوط امیدوار ڈیو واٹمور ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ خبریں کس حد تک درست ثابت ہوتی ہیں۔

بہرحال، ڈیو واٹمور ہفتے کی صبح لاہور کے علامہ اقبال بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچے جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ کے لاجسٹکس مینیجر مقصود احمد نے ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں انہیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی لے جایا گیا جہاں وہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ذکا اشرف سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے ہوائی اڈے پر صحافیوں کے ساتھ کوئی گفتگو نہیں کی۔ اکیڈمی میں واٹمور نے پہلی ملاقات کوچ کی تلاش کے لیے قائم کردہ کمیٹی کے سربراہ انتخاب عالم سے کی۔

پاکستان ممکنہ طور پر انگلستان کے خلاف سیریز کے بعد نئے کوچ کی تقرری کا اعلان کرے گا۔ گو کہ پاکستان نے اس وقت ہیڈ کوچ کے علاوہ باؤلنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کوچ کے لیے بھی درخواستیں طلب کی ہیں لیکن بظاہر یہی نظر آ رہا ہے کہ ہیڈ اور بیٹنگ کوچ کا عہدہ ایک ہی شخصیت کو دیا جا ئے گا جبکہ باؤلنگ اور فیلڈنگ کوچ الگ الگ مقرر کیے جائیں گے۔ باؤلنگ کوچ کے لیے سب سے مضبوط امیدوار سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید ہیں جو طویل عرصے سے قومی کرکٹ ٹیم سے وابستہ ہیں جبکہ فیلڈنگ کا شعبہ ممکنہ طور پر جولین فاؤنٹین کو دیا جائے گا جو اس حوالے سے کافی مقبول نام ہے۔