[ریکارڈز] ٹیسٹ میں سب سے زیادہ بولڈ ہونے والے بلے باز

3 1,005

دورۂ آسٹریلیا میں بحیثیت ٹیم ذلت آمیز شکستیں کھانے کے علاوہ بھارت کے چند کھلاڑیوں نے انفرادی طور پر بھی چند شرمناک سنگ میل عبور کیے ہیں جن میں راہول ڈریوڈ کا ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ مرتبہ کلین بولڈ ہونے کا نیا ریکارڈ بھی شامل ہے۔

راہول ڈریوڈ پرتھ ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں بولڈ ہوئے (تصویر: Getty Images)
راہول ڈریوڈ پرتھ ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں بولڈ ہوئے (تصویر: Getty Images)

راہول ڈریوڈ واکا، پرتھ میں ہونے والے بارڈر-گواسکر ٹرافی کے تیسرے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں بولڈ ہو کر ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ یعنی 54 مرتبہ بولڈ ہونے والے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ اس سے قبل آسٹریلیا کے سابق کپتان ایلن بارڈر کو سب سے زیادہ یعنی 53 مرتبہ بولڈ ہونے کا 'اعزاز' حاصل تھا۔

163 ٹیسٹ میچز میں 13 ہزار سے زائد رنز بنانے والے راہول ڈریوڈ اپنے کیریئر کے اختتامی لمحات گزار رہے ہیں اور ہو سکتا ہے کہ دورۂ آسٹریلیا میں بدترین کارکردگی کے بعد جن کھلاڑیوں کو ٹیم سے باہر کیا جائے ان میں 39 سالہ ڈریوڈ کا نام بھی شامل ہو۔

سب سے زیادہ بولڈ ہونے والے کھلاڑیوں میں ڈریوڈ کے ہم وطن سچن ٹنڈولکر اور وی وی ایس لکشمن بھی شامل ہیں۔ 187 ٹیسٹ کھیلنے والے سچن ٹنڈولکر کیریئر میں 48 مرتبہ حریف گیند باز کے ہاتھوں اپنی گلیاں گنوا چکے ہیں جبکہ وی وی ایس لکشمن، جو اس وقت اپنے کیریئر کے بدترین دور سے گزر رہے ہیں، 39 مرتبہ باؤلر کی گیند کو براہ راست اپنی وکٹوں پر سہہ چکے ہیں۔

اس فہرست میں ماضی کے عظیم بھارتی کھلاڑی گنڈاپا وشواناتھ کا نام بھی ہے جنہوں نے 91 ٹیسٹ میچز میں حصہ لیا اور اس میں 41 مرتبہ کلین بولڈ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کے دو موجودہ کھلاڑی ژاک کیلس اور مارک باؤچر بھی اس فہرست میں شامل ہیں جو بالترتیب 45 اور 39 مرتبہ اپنی وکٹیں بچانے میں ناکام رہے۔

ٹیسٹ میں سب سے زیادہ بولڈ ہونے والے بلے باز

نام ملک بولڈ
راہول ڈریوڈ بھارت 54
ایلن بارڈر آسٹریلیا 53
سچن ٹنڈولکر بھارت 48
ژاک کیلس جنوبی افریقہ 45
جان ریڈ نیوزی لینڈ 44
گنڈاپا وشواناتھ بھارت 41
ایلک اسٹیورٹ انگلستان 40
مارک باؤچر جنوبی افریقہ 39
وی وی ایس لکشمن بھارت 39
اسٹیو واہ آسٹریلیا 39