دلشان اور پیریرا نے سری لنکن شکستوں کا سلسلہ روک دیا، ریکارڈ فتح

0 1,037

دورۂ جنوبی افریقہ میں ایک مقابلے میں 43 رنز پر ڈھیر ہو جانے والے سری لنکا سے کس نے توقع کی ہوگی کہ وہ پروٹیز کے خلاف 300 رنز کا ہدف حاصل کر لے گا؟ لیکن بلے بازوں خصوصاً کپتان تلکارتنے دلشان اور آل راؤنڈر تھیسارا پیریرا کی زبردست بلے بازی نے ناکامیوں کے اس تسلسل کو روک دیا ہے اور مسلسل تین شکستیں کھانے کے بعد بالآخر سری لنکا کو کلین سویپ کی ہزیمت سے بچا لیا ہے۔ دلشان نے شاندار 87 رنز بنائے جبکہ پیریرا نے آخری لمحات میں 69 رنز کی شعلہ فشاں اننگز کھیلتے ہوئے سری لنکا کو ایک روزہ سیریز کی پہلی سے ہمکنار کر دیا۔

کمبرلے میں تین سال کے طویل وقفے کے بعد کوئی بین الاقوامی مقابلہ منعقد ہوا (تصویر: Getty Images)
کمبرلے میں تین سال کے طویل وقفے کے بعد کوئی بین الاقوامی مقابلہ منعقد ہوا (تصویر: Getty Images)

300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گو کہ سری لنکا ابتدا ہی میں اوپنر اوپل تھارنگا سے محروم ہو گیا لیکن مسلسل ناکامیوں سے دوچار تلکارتنے دلشان اس مرتبہ ایک اچھی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہو گئے۔ گو کہ وہ سنچری کے حقدار تھے لیکن بدقسمتی سے 2 چھکوں اور 9 چوکوں سے مزین 87 رنز کی اننگز کے کھیل کر آؤٹ ہو گئے البتہ ٹیم کو نصف سے زائد راستہ طے کرا دیا۔ آنے والے بلے بازوں میں نو آموز دنیش چندیمال نے اپنی اہلیت ایک مرتبہ پھر ثابت کی جنہوں نے درمیانی اوورز میں 59 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر فتح کی جانب پیشقدمی کو جاری رکھنے میں مدد دی اور حتمی ضربیں تھیسارا پیریرا نے لگائیں جنہوں نے مسلسل دو گیندوں پر دو چھکے رسید کر کے آخری اوور سے قبل ہی سری لنکا کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔

حیران کن طور پر پیریرا کو سیریز میں پہلی بار کھیلنے کا موقع دیا گیا تھا اور وہ اس موقع پر میدان میں داخل ہوئے جب 194 کے مجموعی اسکور پر لاہیرو تھریمانے کی صورت میں سری لنکا کی چوتھی وکٹ گر چکی تھی۔ کچھ قسمت نے بھی ان کا ساتھ دیا کیونکہ پیریرا کو انفرادی اننگز کے بالکل ابتدائی مرحلے میں ایک زندگی ملی جب وہ چھٹی گیند پر وین پارنیل کی باؤلنگ پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے لیکن تیسرے امپائر سے رابطہ کیا گیا، جنہوں نے پارنیل کی گیند کو نو بال قرار دیا۔ اس وقت سری لنکا پاور پلے لے چکا تھا اور اس میں پیریرا نے رابن پیٹرسن کو مسلسل باؤنڈریز بھی رسید کیں۔ پیریرا نے کیریئر کی پہلی نصف سنچری محض 30 رنز پر مکمل کی اور 49 ویں اوور میں ژاں پال دومنی کو چھکا رسید کر کے سری لنکا کی فتح پر مہر ثبت کی۔ یہ ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کا پہلا موقع تھا کہ سری لنکا نے جنوبی افریقہ کے خلاف 300 رنز کا ہدف عبور کیا ہو۔

تھیسارا پیریرا نے سیریز میں پہلی بار موقع ملتے ہی فتح گر کارکردگی دکھائی اور بہترین کھلاڑی قرار پائے (تصویر: Getty Images)
تھیسارا پیریرا نے سیریز میں پہلی بار موقع ملتے ہی فتح گر کارکردگی دکھائی اور بہترین کھلاڑی قرار پائے (تصویر: Getty Images)

جنوبی افریقہ کی جانب سے لونوابو سوٹسوبے نے 3 جبکہ ویرنن فلینڈر اور رابن پیٹرسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ میزبان ٹیم نے سری لنکا کو زیر کرنے کے لیے 7 گیند باز آزمائے لیکن وہ حریف کو فتح سے نہ روک پائے۔

قبل ازیں جنوبی افریقہ نے کپتان ابراہم ڈی ولیئرز کے 96 اور سابق کپتان گریم اسمتھ کے 68 رنز کی بدولت 299 رنز بنائے۔ کمبرلے میں بلے بازی کے لیے ایک انتہائی آسان وکٹ پر جنوبی افریقہ کے آخری بلے بازوں کی ناکامی نے میچ میزبان ٹیم کے ہاتھوں سے نکال دیا۔ گو کہ ابتدائی بلے بازوں نے زبردست پلیٹ فارم فراہم کیا تھا لیکن آنے والے بلے باز اس کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے خصوصاً کولن انگرام اور فرانکو دو پلیسے نے سخت مایوس کیاجنہوں نے بالترتیب ایک اور پانچ رنز بنائے۔ 24 اوورز میں 171 رنز بنانے اور صرف ایک وکٹ گنوانے کے باوجود جنوبی افریقہ متوقع اسکور حاصل نہ کر پایا اور اس نے آخری 11 اوورز میں محض 57 رنز ہی سمیٹے اور یہی حتمی اوورز بعد ازاں فیصلہ کن ثابت ہوئے۔ اس کے علاوہ اہم مواقع پر وکٹیں حاصل کرنے میں ناکامی اور کیچ اور رن آؤٹ کے موقع ضایع کرنا بھی اہم عنصر ثابت ہوا جبکہ پروٹیز کے مقابلے میں سری لنکا کو آخری 7 اوورز میں 100 کے قریب رنز درکار تھے نے تابڑ توڑ حملے کرتے ہوئے ہدف عبور کر لیا۔

سری لنکا کی جانب سے تھیسارا پیریرا اور رنگانا ہیراتھ نے 2،2 جبکہ لاستھ مالنگا اور نووان کولاسیکرا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پیریرا کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پانچواں و آخری مقابلہ 22 جنوری کو جوہانسبرگ کے نیو وینڈررز اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ سیریز پہلے ہی 3-1 سے جنوبی افریقہ کے نام ہے ، یوں آنے والے مقابلے کا نتیجہ سیریز پر کوئی اثر نہیں ڈالے گا۔

جنوبی افریقہ بمقابلہ سری لنکا

چوتھا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ

20 جنوری 2012ء

بمقام: ڈی بیئرز ڈائمنڈ اوول، کمبرلے، جنوبی افریقہ

نتیجہ: سری لنکا 5 وکٹوں سے فتح یاب

میچ کے بہترین کھلاڑی: تھیسارا پیریرا (سری لنکا)

جنوبی افریقہ رنز گیندیں چوکے چھکے
الویرو پیٹرسن ک تھارنگا ب ہیراتھ 37 39 4 1
گریم اسمتھ ک دلشان ب مالنگا 68 69 7 1
ابراہم ڈی ولیئرز ب پیریرا 96 76 8 3
کولن انگرام ایل بی ڈبلیو ب کولاسیکرا 1 4 0 0
ژاں پال دومنی ک سنگاکارا ب پیریرا 36 47 2 0
فرانکو دو پلیسے ک سنگاکارا ب ہیراتھ 5 12 0 0
وین پارنیل رن آؤٹ 21 17 0 1
رابن پیٹرسن ناٹ آؤٹ 23 31 2 0
ویرنن فلینڈر ناٹ آؤٹ 2 5 0 0
فاضل رنز ب 4، و 6 10
مجموعہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 299

 

سری لنکا (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
لاستھ مالنگا 10 0 57 1
نووان کولاسیکرا 8 0 40 1
سچیتھرا سینانائیکے 10 1 53 0
تھیسارا پیریرا 4 0 34 2
اینجلو میتھیوز 1 0 6 0
تلکارتنے دلشان 8 0 60 0
رنگانا ہیراتھ 9 0 45 2

 

سری لنکاہدف: 300 رنز رنز گیندیں چوکے چھکے
اوپل تھارنگا ک ڈی ولیئرز ب سوٹسوبے 6 10 1 0
تلکارتنے دلشان ک دومنی ب سوٹسوبے 87 87 9 2
کمار سنگاکارا ک الویرو پیٹرسن ب رابن پیٹرسن 32 31 2 1
دنیش چندیمال ب سوٹسوبے 59 81 1 1
لاہیرو تھریمانے ک دومنی ب فلینڈر 13 15 0 0
تھیسارا پیریرا ناٹ آؤٹ 69 44 3 5
اینجلو میتھیوز ناٹ آؤٹ 21 25 0 0
فاضل رنز ب 4، ل ب 5، و 6، ن ب 2 17
مجموعہ 48.4 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 304

 

جنوبی افریقہ (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
مورنے مورکل 8 0 43 0
لونوابو سوٹسوبے 10 0 51 3
ویرنن فلینڈر 6 0 39 1
وین پارنیل 9 0 52 0
ژاں پال دومنی 4.4 0 37 0
رابن پیٹرسن 6 0 47 1
فرانکو دو پلیسے 5 0 26 0