آسٹریلیا کے حیران کن فیصلے، جارج بیلے ٹی ٹوئنٹی کپتان، 41 سالہ بریڈ ہوگ کی واپسی

0 1,011

آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے لیے دستے کا اعلان کر دیا ہے جس میں حیران کن طور پر 41 سالہ اسپنر بریڈ ہوگ کو شامل کیا گیا ہے جبکہ کپتان کیمرون وائٹ کو ٹیم سے ہی باہر کر کے قیادت جارج بیلے کو بخش دی گئی ہے جنہوں نے آج تک بین الاقوامی سطح پر آسٹریلیا کی نمائندگی نہیں کی۔

جارج بیلے آسٹریلیا کی قومی کرکٹ میں تسمانیہ کی قیادت کرتے ہیں (تصویر: Getty Images)
جارج بیلے آسٹریلیا کی قومی کرکٹ میں تسمانیہ کی قیادت کرتے ہیں (تصویر: Getty Images)

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کے خاتمے کے بعد دونوں ٹیمیں 2 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلے کھیلیں گی جس کے لیے آسٹریلیا کے اعلان کردہ 14 رکنی دستے کی قیادت حیران کن طور پر تسمانیہ سے تعلق رکھنے والے جارج بیلے کو دی گئی ہے جبکہ توقع یہ ظاہر کی جا رہی تھی کہ ٹی ٹوئنٹی قائد کا تاج ڈیوڈ وارنر کے سر پر سجے گا۔

جارج بیلے کو ہی میں مکمل ہونے والی آسٹریلیا کی بگ بیش ٹی ٹوئنٹی لیگ میں پرتھ اسکارچرز کی جانب سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر قومی ٹیم میں بلایا گیا ہے۔ البتہ حالیہ لیگ سیزن میں نئے قائد جارج بیلے کی کارکردگی کچھ خاص نہیں رہی جنہوں نے ملبورن اسٹارز کی جانب سے کھیلتے ہوئے محض 19 کے اوسط سے 114 رنز بنائے۔ حالیہ نومبر میں وہ نیوزی لینڈ کے خلاف آسٹریلیا 'اے' کی قیادت بھی کر چکے ہیں اور ایک روزہ اور فرسٹ کلاس مقابلوں میں تسمانیہ کی کپتانی کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ دوسرا حیران کن فیصلہ ماضی کے کھلاڑی بریڈ ہوگ کو واپس بلانے کا ہے جنہوں نے کیریئر میں 7 ٹیسٹ اور 123 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی تھی اور آخری مرتبہ 2008ء میں ایکشن میں نظر آئے تھے۔ وہ آجکل مشرق بعید کے ملک پاپوا نیو گنی کی قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ میں مصروف تھے لیکن اس اچانک بلاوے کے باعث انہیں پاپوا نیو گنی کی ٹیم کی کوچنگ چھوڑ کر وطن واپس آنا پڑے گا۔ بریڈ ہوگ چند روز بعد یعنی 6 فروری کو اپنی 41 ویں سالگرہ منائیں گے۔

آسٹریلیا کے چیئرمین سلیکٹرز جان انویریئرٹی کا کہنا ہے کہ ”قومی سلیکشن پینل نے بالاتفاق رائے جارج بیلے کو ٹی ٹوئنٹی دستے کی قیادت سونپنے کا فیصلہ کیا کیونکہ وہ بہترین ریکارڈ کے حامل ایک بہت اچھے ٹی ٹوئنٹی کھلاڑی ہیں۔“

آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی مقابلہ یکم فروری کو سڈنی میں کھیلا جائے گا جبکہ ملبورن کا تاریخی میدان 3 فروری کو ہونے والے دوسرے و آخری مقابلے کی میزبانی کرے گا۔

اعلان کردہ 14 رکنی آسٹریلوی دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

جارج بیلے (کپتان)، ڈیوڈ وارنر، ٹریوس برٹ، ڈان کرسچن، زاویئر ڈوہرٹی، جیمز فاکنر، آرون فنچ، بریڈ ہوگ، ڈیوڈ ہسی، بریٹ لی، مچل مارش، شان مارش، کلنٹ میک کے اور میتھیو ویڈ۔