شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم، ڈھاکہ

0 1,199

شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کا معروف کرکٹ اسٹیڈیم ہے جو عالمی کپ 2011ء کے دوران بنگلہ دیش میں ہونے والے میچز کا مرکز ہوگا۔

یہ میدان قبل از تقسیم ہند کے معروف مسلم لیگی رہنما مولوی اے کے فضل الحق سے موسوم ہے جنہوں نے تحریک پاکستان میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ یہ میدان ڈھاکہ کے مرکز سے 10 کلومیٹر کے فاصلے پر میرپور کے علاقے میں واقع ہے جس کی وجہ سے اسے میرپور اسٹیڈیم بھی کہا جاتا ہے۔ اصل میں یہ میدان فٹ بال کے لیے تیار کیا گیا تھا اور اسے کرکٹ کے لیے موزوں بنانے کی خاطر اس میں بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم میں 2006ء سے اب تک کل 43 میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں 18 میں میزبان بنگلہ دیش کو کامیابی نصیب ہوئی ہے۔ اس میدان پر بنگلہ دیش کا حالیہ ریکارڈ بہت شاندار ہے اور اس نے یہاں کھیلے گئے آخری 8 میچز میں سے 6 میں کامیابی حاصل کی ہے اور محض ایک میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اس میدان کے یادگار مقابلوں میں جون 2008ء میں کٹپلائی کپ کا فائنل بھی شامل ہے جس میں پاکستان نے بھارت کو 25 رنز سے شکست دی تھی۔ سلمان بٹ اور یونس خان کی سنیچریوں کی بدولت پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 315 رنز بنائے تھے اور جواب میں بھارتی ٹیم پاکستانی باؤلرز خصوصاً عمر گل کی تباہ کن باؤلنگ کی تاب نہ لاتے ہوئے 290 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔ مجموعی طور پر پاکستان نے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں تین میچز کھیلے ہیں جن میں سے دو میں اسے کامیابی حاصل ہوئی جبکہ ایک میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

عالمی کپ 2011ء

25 ہزار تماشائیوں کی گنجائش کے حامل اس میدان میں عالمی کپ 2011ء کا افتتاحی میچ کھیلا جائے گا جس میں بھارت اور میزبان بنگلہ دیش آمنے سامنے ہوں گے جبکہ پورے ٹورنامنٹ کے دوران یہ میدان 6 میچز کی میزبانی کرے گا جن میں دو کوارٹر فائنلز بھی شامل ہیں۔ یہاں کھیلے جانے والے چاروں گروپ میچز میں میزبان ٹیم حریفوں سے مدمقابل ہوگی۔ اس میدان پر کھیلے جانے والے میچز میں عالمی کپ کا افتتاحی میچ اور دو کوارٹر فائنل بھی شامل ہوں گے۔ عالمی کپ 2011ء کے لیے بھی میدان تعمیر نو کے طویل مراحل سے گزرا ہے۔ علاوہ ازیں عالمی کپ کے لیے اس میں برقی اسکور بورڈ اور ری پلے اسکرین بھی نصب کی گئی ہے۔

19 فروری 2011ء – بنگلہ دیش بمقابلہ بھارت
25 فروری 2011ء- بنگلہ دیش بمقابلہ آئرلینڈ
4 مارچ 2011ء – بنگلہ دیش بمقابلہ ویسٹ انڈیز
19 مارچ 2011ء – بنگلہ دیش بمقابلہ جنوبی افریقہ
23 مارچ 2011ء –پہلا کوارٹر فائنل
25 مارچ 2011ء – تیسرا کوارٹر فائنل