انگلستان کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان، بیل باہر

0 1,018

انگلستان نے پاکستان کے خلاف محدود اوورز کے مرحلے کے لیے اپنے دستے کا اعلان کر دیا ہے جس میں ٹیسٹ سیریز میں بری طرح ناکام ہونے والے این بیل کو باہر کر دیا گیا ہے۔ بیل کو باہر کا راستہ دکھانے کی ایک اہم وجہ مختصر طرز کی کرکٹ میں بھی انتہائی ناقص فارم ہے کیونکہ وہ گزشتہ 14 ایک روزہ مقابلوں میں صرف ایک مرتبہ 50 کا ہندسہ عبور کر پائے ہیں۔ اس اخراج کو این بیل کے کیریئر کا بدترین لمحہ قرار دیا جا رہا ہے حتیٰ کہ معروف کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو سے وابستہ صحافی جارج ڈوبیل کے مطابق اس امر کے امکانات واضح طور پر نظر آ رہے ہیں کہ 29 سالہ بیل کا ایک روزہ کیریئر ختم ہو چکا ہے۔

این بیل کی حالیہ کارکردگی ان کے لیے ایک ’بھیانک خواب‘ کی مانند ہے (تصویر: AFP)
این بیل کی حالیہ کارکردگی ان کے لیے ایک ’بھیانک خواب‘ کی مانند ہے (تصویر: AFP)

پاکستان اور انگلستان کے درمیان مختصر طرز کی سیریز کا آغاز 13 فروری کو پہلے ایک روزہ الاقوامی مقابلے سے ہوگا جبکہ سیریز میں مجموعی طور پر 4 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلے کھیلے جائيں گے۔

انگلستان نے اس سیریز کے لیے دو نو آموز کھلاڑیوں جوس بٹلر اور ڈینی برگس کو اسکواڈ میں طلب کیا ہے۔ ٹیسٹ سیریز میں 3-0 کی بدترین شکست کے بعد اب انگلستان کو موقع ملا ہے کہ وہ مختصر طرز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر کے کسی حد تک عزت بحال کر سکے لیکن بدقسمتی سے ایشیا میں انگلستان کا حالیہ ریکارڈ بہت خراب ہے۔ اسے گزشتہ سال عالمی کپ میں آئرلینڈ اور بنگلہ دیش جیسی کمزور ٹیموں کے خلاف اپ سیٹ شکستیں ہوئیں اور بعد ازاں بھارت کے خلاف 5 ایک روزہ مقابلوں کی سیریز میں ایک بھی مقابلہ جیتنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔ بحیثیت مجموعی وہ بیرون ملک کھیلے گئے اپنے آخری 20 میں سے 14 میچز ہارا ہے جبکہ ملک میں بہترین ریکارڈ کا حامل ہے کیونکہ اس نے 2011ء میں بھارت اور سری لنکا دونوں کو ون ڈے سیریز ہرائیں۔

بہرحال، اب دیکھنا یہ ہے کہ چند نوجوان چہروں لیکن شکستہ حوصلوں کے ساتھ انگلستان کس طرح پاکستان سے نمٹتا ہے جس نے حال ہی میں متحدہ عرب امارات ہی کے میدانوں میں سری لنکا کو ایک روزہ سیریز میں 4-1 اور ٹی ٹوئنٹی میں 2-0 سے ہرایا تھا۔

اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

برائے ایک روزہ مرحلہ: ایلسٹر کک (کپتان)، اسٹورٹ براڈ، اسٹیون فن، ایون مورگن، ٹم بریسنن، جوس بٹلر، جوناتھن ٹراٹ، جانی بیئرسٹو، جیمز اینڈرسن، جیڈ ڈرنباخ، ڈینی برگس، روی بوپارا، سمیت پٹیل، کریگ کیزویٹر، کیون پیٹرسن اور گریم سوان۔

برائے ٹی ٹوئنٹی مرحلہ: اسٹورٹ براڈ (کپتان)، اسٹیون فن، ایلکس ہیلز، ایون مورگن، ٹم بریسنن، جوس بٹلر، جانی بیئرسٹو، جیمز اینڈرسن، جیڈ ڈرنباخ، ڈینی برگس، روی بوپارا، سمیت پٹیل، کریگ کیزویٹر، کیون پیٹرسن اور گریم سوان۔