پاک-انگلستان ایک روزہ/ٹی ٹوئنٹی مرحلہ: پاکستانی دستے کا اعلان

2 1,107

پاکستان نے ٹیسٹ سیریز میں شاندار کامیابی کے بعد انگلستان کے خلاف ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے لیے بھی دستے کا اعلان کر دیا ہے جس حسب توقع سابق کپتان شاہد آفریدی کو ٹیم میں شامل ہیں جبکہ راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے اویس ضیاء کو ٹی ٹوئنٹی دستے میں طلب کیا گیا ہے۔ اویس کو 2009ء کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی چیمپئن پاکستانی دستے کے قائد یونس خان کی جگہ دی گئی ہے کیونکہ یونس ٹی ٹوئنٹی سے عرصہ قبل ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔

شاہد آفریدی حال ہی میں عرب امارات میں سری لنکا کے خلاف 'مین آف دی سیریز' قرار پائے تھے (تصویر: AFP)
شاہد آفریدی حال ہی میں عرب امارات میں سری لنکا کے خلاف 'مین آف دی سیریز' قرار پائے تھے (تصویر: AFP)

محمد الیاس کی سربراہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے جس دستے کا انتخاب کیا ہے اس کے اراکین کم و بیش وہی ہیں جنہوں نے گزشتہ روز انگلستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کیا ہے۔ٹیم میں ٹیسٹ دستے کے مقابلے میں صرف دو تبدیلیاں کی گئی ہیں یعنی توفیق عمر اور محمد طٰحہ کو باہر کر دیا گیا ہے جبکہ ان کی جگہ شاہد آفریدی اور حماد اعظم کو جگہ دی گئی ہے۔ ابتدائی اعلان میں تجربہ کار عبد الرزاق، شعیب ملک اور سہیل تنویر توقعات کے برعکس ٹیم میں شامل نہیں کیے گئے تھے لیکن ٹیم کے اعلان کے کئی گھنٹے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے شعیب ملک کی دستے میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ پی سی بی کا کہنا تھا کہ شعیب ملک کو کپتان مصباح الحق کی خواہش پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ دوسری جانب آخری ٹیسٹ کے مرد میدان اظہر علی کو طویل طرز کے بعد ایک روزہ کرکٹ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع دیا گیا ہے۔

اویس ضیاء گزشتہ سال فیصل بینک سپر ایٹ ٹی ٹوئنٹی کپ میں راولپنڈی ریمز کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا تھا اور ساتھ ساتھ وہ اپنی ٹیم کے بہترین بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ انہیں تین ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں سے کسی میں ملک کی نمائندگی کا موقع بھی دیا جاتا ہے یا نہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے انہی میدانوں میں چند ماہ قبل ورلڈ کپ فائنلسٹ سری لنکا کو 4-1 کی بدترین شکست سے دوچار کیا ہے اور اب شکستہ حال انگلستان کے لیے پاکستانی اسپنرز کا سامنا بڑا امتحان ہوگا جن میں ایک اور ماہر یعنی شاہد آفریدی کا اضافہ ہو چکا ہے۔

پاکستان-انگلستان سیریز کا آغاز 13 فروری کو ابوظہبی میں پہلے ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے سے ہوگا جبکہ اس سے قبل پاکستان 10 فروری کو شارجہ کے میدان میں افغانستان کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ کھیلے گا۔ یہ کسی بھی ٹیسٹ رکن کے خلاف افغانستان کا پہلا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ ہوگا اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی افغانستان کے لیے فراخ دلی کا ایک اور مظاہرہ ہوگا۔ افغانستان میں کرکٹ کے فروغ کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوششوں کی بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے بھی تعریف کی ہے۔

اعلان کردہ دستے ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں:

برائے ایک روزہ مرحلہ: مصباح الحق (کپتان)، اسد شفیق، اظہر علی، اعزاز چیمہ، جنید خان، حماد اعظم، سعید اجمل، شاہد آفریدی، شعیب ملک، عبد الرحمن، عدنان اکمل، عمر اکمل، عمر گل، عمران فرحت، محمد حفیظ، وہاب ریاض اور یونس خان۔

برائے ٹی ٹوئنٹی مرحلہ: مصباح الحق (کپتان)، اسد شفیق، اعزاز چیمہ، اویس ضیاء، جنید خان، حماد اعظم، سعید اجمل، شاہد آفریدی، شعیب ملک، عبد الرحمن، عدنان اکمل، عمر اکمل، عمر گل، عمران فرحت، محمد حفیظ اور وہاب ریاض۔