روز ٹیلر صحت یاب، ٹیسٹ سیریز میں قیادت سنبھالیں گے

0 1,029

پنڈلی کی انجری سے صحت یابی کے بعد نیوزی لینڈ کے کپتان روز ٹیلر جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ایک مرتبہ پھر قیادت کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

روز ٹیلر زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران پنڈلی کی تکلیف کا شکار ہوئے تھے (تصویر: Getty Images)
روز ٹیلر زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران پنڈلی کی تکلیف کا شکار ہوئے تھے (تصویر: Getty Images)

گزشتہ ماہ زمبابوے کے خلاف واحد ٹیسٹ میں ہونے والی تکلیف کے باعث وہ ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی مقابلے نہیں کھیل پائے تھے اور پھر جنوبی افریقہ کے خلاف محدود اوورز کے مرحلے میں بھی ابھی تک ملک کی نمائندگی نہیں کر پائے۔ ان کی جگہ برینڈن میک کولم نیوزی لینڈ کی قیادت کر رہے ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ وہ پہلے ٹیسٹ تک فرائض واپس ٹیلر کو سونپ دیں گے۔

نیوزی لینڈ اس وقت جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ سیریز کھیل رہا ہے جہاں وہ پہلے مقابلے میں شکست کھا چکا ہے اور اب دو مقابلے باقی رہ گئے ہیں جس کے بعد 7 مارچ سے ڈنیڈن میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔

نیوزی لینڈ کے ٹیم فزیو ڈین کلوز کا کہنا ہے کہ ہم روز کی بحالی صحت کی رفتار پر خوش ہیں اور وہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ مرحلے کے آغاز تک مکمل صحت یاب ہو جائیں گے۔

روز ٹیلر گزشتہ سال قیادت کے منصب پر فائز ہونے کے بعد سے ملک کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں اور ان کی شمولیت جنوبی افریقہ کے خلاف اہم سیریز سے قبل میزبان ٹیم کے لیے حوصلہ افزا امر ہوگی۔ تاہم اس خوشخبری کے ساتھ نیوزی لینڈ کے لیے ایک بری خبر بھی ہے کہ ان کے دوسرے اہم ترین بلے باز ڈین براؤنلی اس اہم سیریز سے قبل فٹ نہیں ہو پائیں گے۔ انہیں زمبابوے کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ کے دوران بائیں ہاتھ کی انگلی پر چوٹ لگی تھی۔

ٹیسٹ درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر فائز جنوبی افریقہ کے لیے ضروری ہے کہ وہ نیوزی لینڈ کو دونوں ٹیسٹ میچز میں شکست دے، اس صورت میں وہ انگلستان کو پچھاڑ کر عالمی نمبر ایک بن جائے گا۔ انگلستان کو پاکستان کے خلاف کھیلی گئی حالیہ ٹیسٹ سیریز میں 3-0 کی بدترین شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا اور یوں پاکستان سے جنوبی افریقہ کے لیے سرفہرست پوزیشن پر پہنچنے کا سامان پیدا کر دیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ نیوزی لینڈ جنوبی افریقہ کے لیے ’لوہے کا چنا‘ ثابت ہوتا ہے یا ’تر لقمہ‘ اور اس کا زیادہ تر انحصار روز ٹیلر کے طرزِ قیادت پر ہوگا۔