دورۂ سری لنکا کے لیے انگلش دستے کا اعلان، مورگن باہر

0 1,015

انگلستان نے گزشتہ سال ہوم گراؤنڈ پر چند تاریخی ٹیسٹ سیریز جیت کر عالمی نمبر ایک پوزیشن تو حاصل کر لی لیکن اس کا اصل امتحان رواں سال شروع ہوا جب اسے پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں سیریز کھیلنا پڑی اور پہلے ہی پرچے میں وہ بری طرح ناکام ہوا اور کلین سویپ کی ہزیمت سے دوچار ہوا۔ اب اس کی دوسری، اور زیادہ کڑی، آزمائش کا دور شروع ہو رہا ہے یعنی کہ دورۂ سری لنکا۔ جس کے لیے انگلستان نے آج اپنے 16 رکنی ٹیسٹ دستے کا اعلان کر دیا ہے۔

مرد بحران سمجھے جانے والے ایون مورگن ٹیم میں واپسی کے بعد سے کوئی نمایاں کارکردگی پیش نہیں کر سکے
مرد بحران سمجھے جانے والے ایون مورگن ٹیم میں واپسی کے بعد سے کوئی نمایاں کارکردگی پیش نہیں کر سکے

اعلان کردہ اسکواڈ میں توقعات کے عین مطابق ایون مورگن شامل نہیں ہیں۔ پاکستان کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز کے تین مقابلوں میں محض 82 رنز بنانے والے مورگن محدود اوورز کی کرکٹ میں بھی مسلسل ناکامیوں کا شکار ہیں اور ہر میچ میں انہیں میدان سے سر جھکائے پلٹتے ہی دیکھا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ انگلستان نے انہیں کم از کم طویل طرز کی کرکٹ سے باہر بٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹیسٹ اکھاڑے میں اپنی تمام تر حالیہ ناکامیوں کے باوجود سری لنکا اپنی سرزمین پر بہت سخت حریف ثابت ہوگا خصوصاً کپتان کی تبدیلی کے بعد سری لنکا ایک مختلف روپ میں نظر آ رہا ہے۔ اس لیے توقع ہے کہ ایک بہت دلچسپ سیریز دیکھنے کو ملے گی۔

انگلستان نے اعلان کردہ 16 رکنی دستے میں آف اسپنر جیمز ٹریڈویل اور آل راؤنڈر سمیت پٹیل کو بھی شامل کیا ہے۔ ٹریڈویل 2010ء میں ایک ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں جبکہ سمیت ابھی تک ٹیسٹ سطح پر انگلستان کی نمائندگی سے محروم رہے ہیں لیکن پاکستان کے خلاف محدود اوورز کی حالیہ سیریز میں اچھی کارکردگی انہیں ٹیسٹ دستے میں مقام ملا ہے۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی جانب سے کرک نامہ کو موصول ہونے والے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ گو کہ دستہ 10 مارچ کو سری لنکا روانہ ہوگا لیکن چند کھلاڑی سری لنکا کی کنڈیشنز سے مانوسیت حاصل کرنے اور ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کے لیے پہلے ہی وہاں جائیں گے جہاں بیٹنگ کوچ گراہم گوچ تربیتی کیمپ کی نگرانی کریں گے جس میں اینڈریو اسٹراس، این بیل، اسٹیون ڈیویس، مونٹی پنیسر، سمیت پٹیل، میٹ پرائیر اور جیمز ٹریڈویل شامل ہوں گے۔

انگلستان کے قومی سلیکٹر جیوف ملر کا کہنا ہے کہ ہم نے دستے کا انتخاب سری لنکا میں ممکنہ صورتحال کے پیش نظر کیا ہے۔ اس میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ یہ ایک مشکل سیریز ہوگی لیکن اس لحاظ سے دلچسپ بھی ہوگی کہ کھلاڑیوں کو پاکستان کے خلاف ایک مایوس کن سیریز کے بعد اپنی صلاحیتوں کے اظہار ایک اور موقع ملے گا اور ساتھ ساتھ وہ برصغیر میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے درکار مہارت میں بھی اضافہ کر پائیں گے۔

دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا معرکہ 26 مارچ کو گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 3 اپریل سے کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

انگلستان کا اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا (بلحاظ حروف تہجی):

اینڈریو اسٹراس (کپتان)، اسٹورٹ براڈ، اسٹیون فن، اسٹیون ڈیویس، ایلسٹر کک، این بیل، ٹم بریسنن، جوناتھن ٹراٹ، جیمز اینڈرسن، جیمز ٹریڈویل، روی بوپارا، سمیت پٹیل، کیون پیٹرسن، گریم سوان، مونٹی پنیسر اور میٹ پرائیر ۔