آسٹریلیا کو دھچکا، بولنجر زخمی ہو کر عالمی کپ سے باہر

1 1,047

بلند حوصلہ دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کی عالمی کپ 2011ء کی مہم کو پہلا دھچکا پہنچ گیا کیونکہ اس کے اہم تیز باؤلر ڈوگ بولنجر ٹخنے کی انجری کے باعث ٹیم سے باہر ہو گئے ہیں اور وہ پورا عالمی کپ نہیں کھیل پائیں گے۔

عالمی کپ 2011ء کے لیے بھارت آمد سے قبل ہی آسٹریلیا انجری کے باعث کئی اہم کھلاڑیوں سے محروم تھا اور بولنجر کی عدم موجودگی ان کی پیس بیٹری کے لیے بہت بڑا نقصان ہوگی۔

ڈوگ بولنجر
ڈوگ بولنجر نے عالمی کپ سے قبل بھارت کے خلاف کھیلے گئے وارم اپ میچ کے دوران ٹخنے میں تکلیف محسوس کی تاہم بعد ازاں تکلیف میں کمی کے باعث وہ زمبابوے کے خلاف آسٹریلیا کے میچ میں ٹیم میں آئی لیکن جب نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے لیے ناگپور آمد کے بعد ان کی انجری شدید ہو گئی، جس کے لیے انہیں سرجری کی ضرورت ہوگی۔ اسی وجہ سے وہ وطن واپس لوٹ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا اپنے مرد بحران مائیکل ہسی اور اسپنر ناتھن ہارٹز کو انجری کی وجہ سے عالمی کپ کے لیے ٹیم میں شامل نہ کر سکا۔ اب بولنجر کی انجری کے بعد آسٹریلیا کے صرف ایک بیک اپ باؤلر جان ہیسٹنگز ہی رہ جاتے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ بولنجر کی عدم موجودگی میں آسٹریلیا کی نظر انتخاب کس پر پڑتی ہے۔