پاکستانی کھلاڑیوں کو بھارتی اداکاراؤں سے فاصلہ رکھنے کی ہدایت: ذرائع

0 1,001

پاکستان کے کرکٹرز اور بھارت کی اداکاراؤں کی دوستی کی کہانیاں کچھ ایسی ڈھکی چھپی بات نہیں ہیں۔ ماضی میں عمران خان کے زینت امان، وسیم اکرم کے سشمیتا سین اور شعیب اختر کے سونالی باندرے کے ساتھ تعلقات کی خبریں ذرائع ابلاغ کے ذریعے ہر سو پہنچیں۔ حتیٰ کہ محسن حسن خان نے تو رینا رائے کے ساتھ شادی کر کے بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنا مستقبل تلاش کرنا شروع کر دیا اور کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا۔

چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نہیں چاہتے کہ اب کسی بھی تنازع میں پاکستان کے کھلاڑیوں کا نام آئے (تصویر: AP)
چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نہیں چاہتے کہ اب کسی بھی تنازع میں پاکستان کے کھلاڑیوں کا نام آئے (تصویر: AP)

لیکن موجودہ حالات میں ایسی دوستیاں کھلاڑیوں کی اپنی ساکھ کے لیے بہت خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں کیونکہ حال ہی میں منظر عام پر آنے والی برطانوی اخبار ’سنڈے ٹائمز‘ کی تہلکہ خیز رپورٹ کے مطابق زیادہ تر سٹے باز بالی ووڈ کی اداکاراؤں اور ماڈلز کے ذریعے بین الاقوامی کھلاڑیوں سے رابطہ کرتے ہیں۔

با خبر ذرائع نے کرک نامہ کو بتایا ہے کہ اسی لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو بھارتی اداکاراؤں، گلوکاراؤں اور ماڈلز سے فاصلہ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ اس مقصد کے لیے ایک بے ضابطہ اجلاس میں پی سی بی کے ایک عہدیدار نے کھلاڑیوں کو تنازعات سے اپنا دامن بچانے کے لیے کچھ ہدایات دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کو اندازہ ہے کہ چند کھلاڑیوں کے اب بھی بھارتی حسیناؤں کے ساتھ روابط ہیں اور وہ دبئی میں اکثر و بیشتر اُن سے ملتے بھی رہتے ہیں۔ لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف نہیں چاہتے کہ اب کسی بھی تنازع میں پاکستان کے کھلاڑیوں کا نام آئے، اس لیے ایک اُن کی ہدایت پر ایک اعلیٰ عہدیدار نے کھلاڑیوں کو متنبہ کیا ہے کہ کھلاڑی اپنے تعلقات میں احتیاط برتیں، کیونکہ بھارتی ذرائع ابلاغ پاکستانی کھلاڑیوں کے حوالے سے منفی خبروں کی تلاش میں ہمیشہ سرگرداں رہتے ہیں اور اس کے لیے وہ زیادہ تر پاکستانی کھلاڑیوں اور بھارتی اداکاراؤں کے درمیان تعلقات کو استعمال کرتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک طرف وہ ہندوستانی لابی ہے جو پاکستان کی کرکٹ ساکھ کو ٹھیس پہنچانا چاہتی ہے تو دوسری طرف وہ اداکارائیں اور ماڈلیں بھی ہیں جو سمجھتی ہیں کہ اگر وہ کسی پاکستانی کھلاڑی سے ملاقات اور تعلق کا دعویٰ کرتی ہیں تو ذرائع ابلاغ انہیں ہاتھوں ہاتھ لیں گے اور وہ نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا بھر میں مشہور ہو جائیں گی۔