ڈوہرٹی کے ہاتھوں ویسٹ انڈیز ڈھیر، پہلا ایک روزہ آسٹریلیا کی جھولی میں

0 1,017

جارج بیلے کی پہلے ہی ایک روزہ مقابلے میں عمدہ بلے بازی اور زاویئر ڈوہرٹی کی فیصلہ کن کارکردگی نے آسٹریلیا کو ایک 'کم اسکورنگ' مقابلے میں ویسٹ انڈیز پر فتح یاب کر دیا۔

زاویئر ڈوہرٹی ویسٹ انڈیز مڈل آرڈر کو روندتے ہوئے گزر گئے (تصویر: AFP)
زاویئر ڈوہرٹی ویسٹ انڈیز مڈل آرڈر کو روندتے ہوئے گزر گئے (تصویر: AFP)

سینٹ ونسنٹ میں کھیلے گئے 5 ایک روزہ مقابلوں کی سیریز کا پہلا معرکہ ابتداءً ویسٹ انڈیز کے لیے بہت اچھا دکھائی دے رہا تھا جس نے ٹاس جیت کر بلے بازی کرنے والے آسٹریلیا کو سخت مشکلات سے دوچار کیا اور مقررہ 50 اوورز میں محض 204 رنز ہی بنانے دیے۔

آسٹریلیا کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نو آموز کپتان اور پہلا ایک روزہ مقابلہ کھیلنے والے جارج بیلے نے 48 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں کارکردگی دکھائی۔ ایسے موقع پر 4 وکٹیں محض 99 پر گر چکی تھیں، انہوں نے مائیکل ہسی کے ساتھ اننگز کو مزید خسارے میں جانے سے بچایا اور پانچویں وکٹ پر 63 رنز کی عمدہ رفاقت قائم کی۔ اس شراکت کے علاوہ ساتویں وکٹ پر ڈینیل کرسچن کے ساتھ 33 رنز کا اضافہ بھی بہت نمایاں ثابت ہوا اور بالآخر آسٹریلیا 200 کی حد عبور کر گیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے ڈیوین براوو نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں۔ دو، دو وکٹیں کیمار روچ اور مارلون سیموئلز کو ملیں جبکہ ایک کھلاڑی کو سنیل نرائن نے آؤٹ کیا۔

آسٹریلین اننگز سے ہی اندازہ ہو گیا تھا کہ کچھ رفتار رکھنے والے اس ٹریک پر بلے بازی تھوڑا مشکل کام ہے لیکن 205 رنز کا ہدف پھر بھی مشکل نہیں تھا۔ لیکن یہ ویسٹ انڈین بلے بازوں کی نا اہلی اور آسٹریلین باؤلرز خصوصاً ڈوہرٹی کی بروقت گیند بازی تھی جس نے ویسٹ انڈیز کو ہدف سے 64 رنز کے فاصلے پر ہی جا لیا۔

ویسٹ انڈیز نے 33 رنز پر تین وکٹیں گنوانے کے بعد ڈیوین براوو اور مارلون سیموئلز کے درمیان 64 رنز کی شراکت سے میچ پر گرفت پانے کی کوشش کی لیکن 32 کے انفرادی اسکور پر براوو کے لوٹتے ہی میزبان بلے بازوں کے آنے جانے کا سفر شروع ہو گیا۔ محض 7 رنز کے اضافے سے ویسٹ انڈیز کی 6 وکٹیں گر گئیں۔ اس تباہی کو پھیلانے میں اہم کردار زاویئر ڈوہرٹی کا تھا جنہوں نے پہلے ایک ہی اوور میں مارلون سیموئلز (35 رنز) اور پھر کارلٹن با کو ٹھکانے لگایا اور اگلے اوور میں آل راؤنڈر آندرے رسل کو بھی وکٹ کیپر کے ہاتھوں اسٹمپ کرا کر ویسٹ انڈیز کی پیشرفت کا تقریباً خاتمہ کر دیا۔ اگلے اوور میں ڈینیل کرسچن نے 'بگ ہٹر' کیرون پولارڈ کو ٹھکانے لگایا تو دوسرے اینڈ سے ڈوہرٹی نے سنیل نرائن کو واپسی کا راستہ دکھاتے ہوئے اپنی چوتھی وکٹ سمیٹی۔

104 رنز پر 9 وکٹیں گنوانے کے بعد کپتان ڈیرن سیمی نے 20 گیندوں پر 35 رنز بنا کر کچھ مزاحمت دکھائی لیکن دوسرے اینڈ سے انہیں کسی مدد کی امید نہ تھی اس لیے بالآخر ان کی مزاحمت بھی میک کے کے ہاتھوں ختم ہو گئی اور پوری ٹیم محض 140 رنز پر ڈھیر ہو کر پہلا ایک روزہ مقابلہ انتہائی مایوس کن انداز میں ہار گئی۔

ڈوہرٹی نے 49 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دو، دو وکٹیں کلنٹ میک کے اور ڈینیل کرسچن کو بھی ملیں۔ ایک کھلاڑی کو بریٹ لی نے آؤٹ کیا۔

جارج بیلے کو آسٹریلیا کی جانب سے سب سے عمدہ اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ویسٹ انڈیز بمقابلہ آسٹریلیا

پہلا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ

16 مارچ 2012ء

بمقام: آرنس ویل گراؤنڈ، کنگزٹاؤن، سینٹ ونسٹ

نتیجہ: آسٹریلیا 64 رنز سے فتح یاب

میچ کے بہترین کھلاڑی: جارج بیلے (آسٹریلیا)

آسٹریلیا رنز گیندیں چوکے چھکے
شین واٹسن ایل بی ڈبلیو ب ڈیوین براوو 21 23 4 0
ڈیوڈ وارنر ک پولارڈ ب سیموئلز 40 55 5 0
پیٹر فورسٹ اسٹمپ با ب سیموئلز 26 64 3 0
مائیکل ہسی ک روچ ب ڈیوین براوو 32 57 0 0
ڈیوڈ ہسی ک با ب روچ 0 7 0 0
جارج بیلے ک نرائن ب روچ 48 67 5 0
میتھیو ویڈ ک ڈیوین براوو ب نرائن 0 1 0 0
ڈینیل کرسچن ناٹ آؤٹ 18 21 2 0
بریٹ لی ک چارلس ب ڈیوین براوو 5 5 0 0
کلنٹ میک کے ناٹ آؤٹ 0 0 0 0
فاضل رنز ب 3، ل ب 6، و 5 14
مجموعہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 204

 

ویسٹ انڈیز (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
کیمار روچ 10 1 33 2
ڈیوین براوو 10 1 58 3
آندرے رسل 4 0 21 0
ڈیرن سیمی 8 0 30 0
سنیل نرائن 10 0 24 1
مارلون سیموئلز 8 0 29 2

 

ویسٹ انڈیزہدف: 205 رنز رنز گیندیں چوکے چھکے
کیرن پاول ک بیلے ب لی 8 19 1 0
جانسن چارلس ک مائیکل ہسی ب میک کے 13 11 3 0
مارلون سیموئلز ک واٹسن ب ڈوہرٹی 35 58 2 3
ڈیرن براوو رن آؤٹ 4 15 1 0
ڈیوین براوو ب کرسچن 32 43 5 1
کیرون پولارڈ ک بیلے ب کرسچن 4 11 0 0
کارلٹن با ایل بی ڈبلیو ب ڈوہرٹی 0 3 0 0
آندرے رسل اسٹمپ ویڈ ب ڈوہرٹی 1 4 0 0
ڈیرن سیمی کر کرسچن ب میک کے 35 20 3 3
سنیل نرائن ک بیلے ب ڈوہرٹی 0 3 0 0
کیمار روچ ناٹ آؤٹ 1 7 0 0
فاضل رنز ب 4، و 3 7
مجموعہ 32.2 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 140

 

آسٹریلیا (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
بریٹ لی 7 1 25 1
کلنٹ میک کے 5.2 1 22 2
شین واٹسن 4 1 13 0
ڈیوڈ ہسی 2 0 15 0
زاویئر ڈوہرٹی 8 2 49 4
ڈینیل کرسچن 6 2 12 2