”جیت کر بھی رونا“ سعید اجمل کا ایکشن غیر قانونی ہے: بھارتی ذرائع ابلاغ

4 1,031

پاکستان و بھارت کے درمیان ایک کانٹے دار مقابلہ ختم ہوتے ہی بھارتی ذرائع ابلاغ بھی انگلش و آسٹریلین میڈیا کی طرح اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے اور اس نے سعید اجمل کے ایکشن پر اعتراضات جمانا شروع کر دیے ہیں۔ گو کہ میچ کے امپائروں کو کوئی شکایت موصول ہوئی نہ ہی بین الاقوامی کرکٹ کونسل کو باضابطہ طور پر سعید کے ایکشن پر اعتراضات سے آگاہ کیا گیا لیکن بھارت کے اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ نے ”سینئر کھلاڑیوں“ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سعید اجمل کے ایکشن سے مطمئن نہیں ہیں۔ اس پوری خبر میں کوئی حوالہ درج نہیں اورنہ ہی ان کھلاڑیوں کے نام لیے گئے ہیں جو مبینہ طور پر ایکشن پر معترض ہیں۔

پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد سعید اجمل کے ایکشن پر انگلش ذرائع ابلاغ نے بھی اعتراضات اٹھائے تھے (تصویر: Getty Images)
پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد سعید اجمل کے ایکشن پر انگلش ذرائع ابلاغ نے بھی اعتراضات اٹھائے تھے (تصویر: Getty Images)

دوسری جانب بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے بھی سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کو مکمل درست قرار دیتے ہوئے اس حوالے سے تمام تر شبہات کو رد کر دیا ہے۔ بھارتی ٹیلی وژن چینل ”ٹائمز ناؤ“ سےگفتگو کرتے ہوئے سی ای او ہارون لورگاٹ نے کہا کہ ”سعید کا ایکشن تمام تر قوانین اور اصولوں پر پورا اترتا ہے۔ ہم نے تمام تر صورتحال میں ان کے ایکشن پر نگاہ رکھی ہے حتیٰ کہ براہ راست مقابلے میں بھی ان کے ایکشن کو درست پایا ہے۔“

34 سالہ سعید اجمل، جنہیں اس وقت دنیا کا بہترین آف اسپنر سمجھا جاتا ہے، گزشتہ چند ماہ سے تنقید کی زد میں ہیں۔ سب سے پہلے دورۂ ویسٹ انڈیز میں پاکستانی فتوحات میں کلیدی کردار ادا کرنے کے بعد معروف سابق کھلاڑی سر ویوین رچرڈز نے ان کے ایکشن پر اعتراض کیا اور انگلستان کے خلاف حالیہ تاریخی کلین سویپ کے بعد سابق انگلش و بھارتی گیند باز اور ذرائع ابلاغ بھی سعید کے ایکشن پر معترض دکھائی دیے۔ گو کہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل اور متعدد آزاد اداروں نے ان کے ایکشن کو صاف قرار دیا لیکن لگتا ہے کہ ذرائع ابلاغ ان ہتھکنڈوں کے ذریعے سعید کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانا چاہتا ہے۔

بھارت کے خلاف گزشتہ روز کھیلے گئے ایشیا کپ کے میچ میں سعید اجمل نے عظیم بلے باز سچن تنڈولکر کی وکٹ حاصل کی تھی اور اپنی مخصوص گیند ’دوسرا‘ سے بھارتی بلے بازوں کو کافی پریشان کیا۔ گو کہ بھارت یہ مقابلہ با آسانی 6 وکٹوں سے جیت گیا لیکن اس کے باوجود اس کی فائنل میں نشست پکی نہیں ہے۔ سری لنکا و بنگلہ دیش کے درمیان ہونے والا آخری مقابلہ اس امر کا تعین کرے گا کہ 22 مارچ کو ڈھاکہ میں ہونے والے فائنل میں پاکستان کے مدمقابل کون ہوگا۔ زیادہ تر امکانات یہی ہیں کہ سری لنکا کی فتح کے باعث بھارت کو فائنل تک رسائی حاصل ہوگی جہاں ایک مرتبہ پھر پاک-بھارت ٹاکرا ہوگا اور عین ممکن ہے کہ بھارتی ذرائع ابلاغ اسی میچ کی تیاریاں کر رہے ہوں۔