انگلش بورڈ دانش کنیریا کے خلاف انضباطی کارروائی کرے گا، پابندی کا خدشہ

1 1,027

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اسپاٹ فکسنگ الزامات کے تحت دانش کنیریا اور مروین ویسٹ فیلڈ کے خلاف انضباطی کارروائی کرے گا۔ دونوں ای سی بی کے انسداد بدعنوانی قوانین کو توڑنے کے الزامات کا سامنا کریں گے۔

کاؤنٹی اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں سزا پانے والے مروین ویسٹ فیلڈ کا کہنا تھا کہ انہیں دانش کنیریا نے سٹے بازی میں گھسیٹا (تصویر: PA)
کاؤنٹی اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں سزا پانے والے مروین ویسٹ فیلڈ کا کہنا تھا کہ انہیں دانش کنیریا نے سٹے بازی میں گھسیٹا (تصویر: PA)

انگلش کاؤنٹی ایسکس کے سابق تیز گیند باز مروین ویسٹ فیلڈ کو رواں سال کے اوائل میں اس وقت چار ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی جب انہوں نے تسلیم کیا تھا کہ انہوں نے ستمبر 2009ء میں ڈرہم کاؤنٹی کے خلاف ایک مقابلے میں جان بوجھ کو ناقص گیند بازی کی تھی۔ جبکہ پاکستان کے سابق اسپنر اور ایسکس میں ان کے ساتھی دانش کنیریا کا نام اس عدالت میں بارہا منصوبہ ساز کی حیثیت سے لیا گیا۔ دانش پولیس کی جانب سے عدم ثبوت کی بنا پر رہا کر دیے گئے تھے۔ لیکن اس کے باوجود اگر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ انہیں اپنی سماعت کے بعد مجرم قرار دیتا ہے تو وہ عالمی سطح پر کرکٹ کھیلنے سے محروم ہو سکتے ہیں۔

معروف کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق اس معاملے پر ای سی بی کا انضباطی پینل مئی کے پہلے ہفتے میں سماعت کا آغاز کرے گا جس کی قیادت جیرارڈ ایلیاس کیو سی کریں گے۔

رواں ماہ اپنی قید کی سزا مکمل ہونے کے بعد رہا ہونے والے ویسٹ فیلڈ اب انضباطی پینل کے روبرو پیش ہوں گے اور اپنی عمر اور سادہ لوحی کی بنیاد پر رحم کی اپیل کریں گے۔ عدالتی مقدمے کے دوران ویسٹ فیلڈ کا کہنا تھا کہ انہیں دانش نے اس منصوبے میں دباؤ کے ذریعے شامل کیا تھا۔

دوسری جانب کنیریا بھی مستقل اپنی معصومیت ظاہر کر رہے ہیں اور پاکستان میں مستقل مقامی کرکٹ میں کھیلتے بھی رہے جس میں حالیہ پنٹاگولر کپ کے فائنل میں سندھ کی قیادت کرنا بھی شامل ہے۔ ماضی میں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث پر پاکستان کے تین کھلاڑی محمد آصف، محمد عامر اور سلمان بٹ کو برطانوی عدالت کی جانب سے قید کی سزائیں دی جا چکی ہیں، اور یہ بات دانش کے لیے کافی پریشان ہوگی۔

بورڈ کی سماعت کے دوران ٹونی پیلاڈینو، ورون چوپڑا اور مارک پیٹنی، جو اس وقت ایسکس کی ٹیم کا حصہ تھے، گواہی دینے کے لیے پیش ہوں گے۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے قوانین کے تحت اگر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ ان پر پابندی عائد کرتا ہے تو تمام کرکٹ کھیلنے والے ممالک اس کو تسلیم اور نافذ کریں گے۔

گزشتہ ماہ پروفیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن (پی سی اے) کے قانونی مشیر این اسمتھ نے کہا تھا کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ دانش کنیریا پر عالمی سطح کی پابندی عائد کر سکتا ہے اور وہ اس سلسلے میں کاؤنٹی اسپاٹ فکسنگ معاملے کی مکمل چھان بین کرے گا۔ اگر مروین ویسٹ فیلڈ کے الزامات درست ثابت ہوئے تو کنیریا پر پابندی لگا دی جائے گا۔

مروین فیسٹ فیلڈ کو 6 ہزار پاؤنڈز کے بدلے ایک اوور میں جان بوجھ کر 12 رنز دینے کا اعتراف کرنے پر 4 ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی جبکہ ان کے کرکٹ کھیلنے پر بھی پابندی عائد کی گئی۔