پاکستان کا نیا باؤلنگ کوچ، این پونٹ یا محمد اکرم؟

5 1,066

پاکستان کے نئے باؤلنگ کوچ کے تقرر کے لیے قائم ہونے والی کمیٹی نے اس اہم عہدے کے لیے معاملات کو تقریباً حتمی شکل دے دی ہے اور ذرائع کے مطابق سابق بنگلہ دیشی باؤلنگ کوچ این پونٹ اور پاکستان کے سابق تیز گیند باز محمد اکرم کے درمیان تقریباً برابری کا معاملہ ہے۔

پاکستان کے موجودہ فیلڈنگ کوچ جولین فاؤنٹین (بائیں) اور این پونٹ (دائیں) بنگلہ دیش کی قومی ٹیم اور بعد ازاں ڈھاکہ گلیڈی ایٹرز میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں
پاکستان کے موجودہ فیلڈنگ کوچ جولین فاؤنٹین (بائیں) اور این پونٹ (دائیں) بنگلہ دیش کی قومی ٹیم اور بعد ازاں ڈھاکہ گلیڈی ایٹرز میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں

ذرائع نے 'کرک نامہ' کو بتایا ہے کہ کمیٹی کے اراکین ان دو ناموں پر متفق ہیں اور اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ محمد اکرم اور این پونٹ میں سے کس کا انتخاب کرتے ہیں۔

ویسے اس معاملے میں ایسا دکھائی دیتا ہے کہ این پونٹ کا پلڑا بھاری ہوگا کیونکہ انہیں نئے کوچ ڈیو واٹمور، فیلڈنگ کوچ جولین فاؤنٹین اور ایک سابق پاکستانی کپتان کی حمایت حاصل ہے جبکہ پاکستان کے چند سابق کپتانوں کی رائے محمد اکرم کے حق میں ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ جولین فاؤنٹین اور این پونٹ ایک سال قبل ایک ساتھ بنگلہ دیشی ٹیم کے تربیتی دستے کا حصہ تھے اور دونوں برطانیہ کے سابق رگبی کھلاڑی بھی ہیں۔

این پونٹ انگلستان کی کاؤنٹی ایسکس کی جانب سے کھیلتے تھے اور دائیں ہاتھ سے تیز گیند بازی کرتے تھے۔ بنگلہ دیش کے باؤلنگ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھانے کے بعد انہوں نے گزشتہ سال اس معاہدے میں مزید توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ تاہم حالیہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں انہوں نے فاتح ٹیم ڈھاکہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں۔ وہ دو کتب "The Fast Bowler's Bible" اور "Coaching Youth Cricket" بھی لکھ چکے ہیں۔

گو کہ کوچ تلاش کرنے والی کمیٹی کو تقریباً 12 درخوستیں موصول ہوئیں لیکن انہوں نے مذکورہ بالا دو ناموں کو حتمی قرار دیا ہے اور اب ان میں سے کسی ایک کے انتخاب پر بحث ہوگی۔

پاکستان 'اے' اور انڈر 19 ٹیموں کے کوچ صبیح اظہر بھی اس عہدے کو حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ڈیو واٹمور کے ساتھ ملاقات میں وہ براہ راست اپنی اس خواہش کا اظہار بھی کر چکے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صبیح اظہر بہت ذہین کوچ ہیں اور ان کا ریکارڈ بھی بہت شاندار ہے جبکہ بورڈ میں ان کے ہمدردوں کی تعداد بھی کافی ہے لیکن اس کے باوجود ان کا باؤلنگ کوچ کا عہدہ حاصل کرنا ممکن نہیں دکھائی دیتا۔ دوسری جانب جن افراد نے درخواستیں جمع کروائی تھیں ان میں پاکستان کے سابق تیز گیند باز جلال الدین اور محسن کمال اور مالدیپ کے کوچ بازیغ ذکا بھی شامل ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ رواں سال جولائی میں ممکنہ دورۂ سری لنکا سے قبل نئے باؤلنگ کوچ کا تقرر کرے گا۔ یہ عہدہ گزشتہ ماہ عاقب جاوید کے استعفے کے باعث خالی ہو گیا تھا۔ عاقب نے متحدہ عرب امارات کے قومی کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالی ہیں۔