پاکستان کے دورۂ سری لنکا کا حتمی شیڈول جاری

0 1,015

اک طویل انتظار کے بعد بالآخر سری لنکا کرکٹ نے پاکستان کے دورۂ سری لنکا کا مکمل شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے مطابق ماہ جون کے آغاز سے دونوں ٹیمیں ایک تین ٹیسٹ، 5 ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلوں میں آمنے سامنے ہوں گی۔

اس طویل دورے کا آغاز 29 مئی کو پاکستان کی سری لنکا آمد سے ہوگا جس کے بعد یکم جون کو ٹی ٹوئنٹی مرحلے کا پہلا معرکہ ہمبنٹوٹا میں ہوگا۔ محدود اوورز کے سلسلے کے دوسرے مرحلے یعنی ایک روزہ سیریز کا آغاز 7 جون کو ہوگا۔ اس میں پہلے دونوں ایک روزہ مقابلے پالی کیلے اور بقیہ تین کولمبو کو راناسنگھے پریماداسا اسٹیڈیم میں ہوں گے۔

گزشتہ دورۂ سری لنکا 2009ء میں گال ٹیسٹ کی شکست پاکستان کی یادوں میں اب بھی تازہ ہوگی (تصویر: AFP)
گزشتہ دورۂ سری لنکا 2009ء میں گال ٹیسٹ کی شکست پاکستان کی یادوں میں اب بھی تازہ ہوگی (تصویر: AFP)

طویل طرز یعنی ٹیسٹ مرحلے کا آغاز 22 جون کو گال کے خوبصورت میدان میں ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 30 جون کو کولمبو اور تیسرا ٹیسٹ 8 جولائی سے پالی کیلے میں شروع ہوگا۔

پاکستان اور سری لنکا آخری مرتبہ اکتوبر 2011ء میں متحدہ عرب امارات میں آمنے سامنے آئے تھے جہاں پاکستان نے ٹیسٹ سیریز میں 1-0 اور ون ڈے میں 4-1 سے واضح کامیابی حاصل کی تھی۔ جبکہ پاکستان نے سری لنکا کا آخری دورہ 2009ء میں یونس خان کی زیر قیادت کیا تھا جہاں اسے ٹیسٹ میں 2-0 کی بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ جب پہلے دونوں ٹیسٹ میچ ہار کر پاکستان حتمی مقابلے سے قبل ہی سیریز ہار گیا تھا جبکہ ایک روزہ میں بھی یہی صورتحال رہی اور اسےابتدائی تینوں مقابلوں میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

گزشتہ دورے کی سب سے مایوس کن کارکردگی پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میں دکھائی تھی جب محض 168 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری ٹیم 117 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔ تاہم گزشتہ سال عرب امارات میں کھیلی گئی پاک-سری لنکا سیریز میں پاکستان نے تمام اگلے پچھلے حسابات چکا دیے تھے۔

پاکستان کا دورۂ سری لنکا 2012ء

تاریخ میدان
یکم جون بمقابلہ پہلا ٹی ٹوئنٹی ہمبنٹوٹا
3 جون بمقابلہ دوسرا ٹی ٹوئنٹی  ہمبنٹوٹا
7 جون بمقابلہ پہلا ایک روزہ  پالی کیلے
9 جون بمقابلہ دوسرا ایک روزہ  پالی کیلے
13 جون بمقابلہ تیسرا ایک روزہ کولمبو
16 جون بمقابلہ چوتھا ایک روزہ کولمبو
18 جون بمقابلہ پانچواں ایک روزہ کولمبو
22 تا 26 جون بمقابلہ پہلا ٹیسٹ گال
30 جون تا 4 جولائی بمقابلہ دوسرا ٹیسٹ کولمبو
8 تا 12 جولائی بمقابلہ تیسرا ٹیسٹ پالی کیلے