آسٹریلیا عالمی کپ کے بعد بنگلہ دیش کا دورہ کرے گا

0 1,021

آسٹریلیا عالمی کپ 2011ء کے بعد بنگلہ دیش کا دورہ کرے گا۔ یہ 2006ء کے بعد آسٹریلیا کا پہلا دورۂ بنگلہ دیش ہوگا جس میں تین میچوں کی ایک روزہ سیریز کھیلی جائے گی۔ آسٹریلیا کی ٹیم عالمی کپ میں شرکت کے بعد وطن واپسی کے بجائے براہ راست 4 اپریل کو ڈھاکہ پہنچے گی۔ جہاں ڈھاکہ کے علاقے میرپور میں واقع شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں 9، 11 اور 13 اپریل کو میچز کھیلے جائیں گے۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے فیوچر ٹورز پروگرام (ایف ٹی پی) کے تحت ٹیسٹ اسٹیٹس کے حامل تمام ممالک کا چھ سالوں میں دوسرے ملک کا کم از کم ایک دورہ کرنا ضروری ہے جبکہ آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو ٹیسٹ اسٹیٹس ملنے کے بعد سے اب تک اس کا صرف ایک دورہ کیا ہے۔ یہ دورہ اپریل 2006ء میں کیا گیا تھا جس میں آسٹریلیا نے دونوں ٹیسٹ اور تینوں ایک روزہ میچز جیتے تھے۔ ایف ٹی پی کے مطابق آسٹریلیا کو دو ٹیسٹ میچز بھی کھیلنا تھے لیکن بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے اعلان کے مطابق آسٹریلیا کی ٹیم تین ایک روزہ میچز کے بعد وطن واپس روانہ ہو جائے گی۔

آسٹریلیا کے اس دورے کے نتیجے میں کئی کھلاڑی انڈین پریمیر لیگ کے پہلے ہفتے میں نہیں کھیل سکیں گے جو 8 اپریل سے شروع ہوگی۔ آسٹریلیا کے کل 36 کھلاڑی آئی پی ایل کی مختلف ٹیموں کا حصہ ہیں جبکہ بنگلہ دیش کے صرف ایک کھلاڑی یعنی شکیب الحسن بھارت جائیں گے۔

مجموعی طور پر دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 16 میچ کھیلے گئے ہیں جن میں سے 15 مقابلوں میں کینگروز نے بنگال ٹائیگرز کو زیر کیا۔ بنگلہ دیش نے صرف ایک مرتبہ آسٹریلیا کے خلاف فتح حاصل کی جو اسے 2005ء میں کارڈف میں کھیلے گئے یادگار میچ میں ملی تھی۔