شعیب ملک کا جھوٹ پکڑا گیا؟

0 1,064

ہمپشائر کاؤنٹی کرکٹ کلب نے پاکستان کے کھلاڑی شعیب ملک کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں کلب کی جانب سے کسی قسم کی کوئی پیشکش نہیں کی گئی۔

سابق پاکستانی کپتان کو کوئی پیشکش نہیں کی: ہمپشائر اور ایسکس کاؤنٹیز کا بیان (تصویر: Getty Images)
سابق پاکستانی کپتان کو کوئی پیشکش نہیں کی: ہمپشائر اور ایسکس کاؤنٹیز کا بیان (تصویر: Getty Images)

ہمپشائر کی یہ وضاحت سابق کپتان کے اس بیان کے تین روز بعد سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ میں نے ملک کی خاطر ہمپشائر اور ایسکس کاؤنٹی کی جانب سے کھیلنے کی پیشکشیں ٹھکرائی ہیں تاکہ سری لنکا اور آسٹریلیا کے خلاف آنے والی سیریز کے لیے دستیاب ہو سکوں۔ انہوں نے 3 مئی کو معروف پاکستانی اخبار ایکسپریس ٹریبون سے گفتگو میں کہا تھا کہ مجھ سے بذریعہ نمائندہ کاؤنٹی معاہدوں کی پیشش کی گئی تھی لیکن میں نے انکار کر دیا کیونکہ ان معاہدوں میں ایک شق بہت سخت تھی کہ میں پاکستان کے لیے منتخب ہونے کے باوجود ان کی طرف سے کھیلنے کا پابند ہوں گا۔ اس طرح میرے سامنے پیشکش ٹھکرا دینے کے علاوہ کوئی اور انتخاب نہیں بچا تھا اور میں نے ایسا ہی کیا کیونکہ پاکستان کی طرف سے کھیلنا میری اولین ترجیح ہے۔

آج ہمپشائر کاؤنٹی انتظامیہ نے ایکسپریس ٹریبون کو بتایا ہے کہ سابق پاکستانی کپتان کو کوئی پیشکش نہیں کی گئی جبکہ ایسکس کاؤنٹی نے ملک کے بیان پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی کاؤنٹی کو اس طرح کی شق شامل کرنے کی اجازت ہی نہیں ہے اور اگر ایسی کوئی شرط رکھی جائے تو بورڈ کی جانب سے اس کھلاڑی کو این او سی ہی جاری نہیں کی جائے گی۔

شعیب ملک نے آخری مرتبہ انگلستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی سیریز میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی اور اس سیریز میں ناقص کارکردگی کے باعث انہیں ایشیا کپ 2012ء کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔ البتہ ڈومیسٹک میں ان کی کارکردگی بہت عمدہ رہی۔ ان کی زیر قیادت پی آئی اے نے قومی ون ڈے کپ جیتا اور وہ اس ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بھی رہے اور سب سے زیادہ وکٹیں لینے والوں میں دوسرے نمبر پر آئے۔ انہیں ناقابل شکست 80 رنز بنانے اور 33 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کرنے پر فائنل کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔ اس کے علاوہ ان کی زیر قیادت سیالکوٹ اسٹالینز نے دونوں بڑے ٹی ٹوئنٹی اعزازات اپنے نام کیے، جبکہ سپر ایٹ ٹی 20 کپ کے فائنل میں ہدف کے تعاقب میں 62 ناقابل شکست رنزبنانے پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔