محمد حفیظ نئے ٹی ٹوئنٹی کپتان، دورۂ سری لنکا کے لیے ٹیم کا اعلان

2 1,025

پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد حفیظ کو ٹی ٹوئنٹی کے لیے کپتان اور ٹیسٹ اور ایک روزہ کرکٹ کے لیے نائب کپتان مقرر کر دیا ہے جبکہ مصباح الحق نے ٹی ٹوئنٹی کیریئر سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے البتہ وہ ٹیسٹ اور ایک روزہ کے بدستور قائد رہیں گے جس میں محمد حفیظ ان کے نائب کا کردار ادا کریں گے۔

مصباح الحق ٹیسٹ اور ایک روزہ اور محمد حفیظ ٹی ٹوئنٹی دستے کی قیادت سنبھالیں گے (تصویر: AFP)
مصباح الحق ٹیسٹ اور ایک روزہ اور محمد حفیظ ٹی ٹوئنٹی دستے کی قیادت سنبھالیں گے (تصویر: AFP)

دورۂ سری لنکا کے لیے ٹیم اور کپتان کا یہ اہم ترین اعلان لاہور میں اہم ترین پریس کانفرنس میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ذکا اشرف نے کیا۔

پریس کانفرنس کے دوران پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے ٹی ٹوئنٹی سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تاہم انہیں ٹیسٹ اور ایک روزہ ٹیموں کا قائد برقرار رکھا گیا ہے۔ انگلستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی حالیہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 2-1 اور ایک روزہ میں 4-0 کی بدترین شکست کے بعد سے مختصر طرز کی کرکٹ میں مصباح الحق کی قائدانہ اہلیت پر سخت تنقید کی گئی تھی اور نتیجہ ان کے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کے خاتمے کی صورت میں نکلا ہے۔ محمد حفیظ ماضی میں پاکستان 'اے' کی قیادت کر چکے ہیں اور گزشتہ کئی روز سے ان کے کپتان بننے کی خبریں ذرائع ابلاغ میں زیر گردش تھیں، جن کی باضابطہ تصدیق آج لاہور میں ہو گئی۔

بہرحال، دورۂ سری لنکا کے لیے اعلان کردہ ٹیم میں مختلف نئے نام بھی شامل کیے گئے ہیں جبکہ چند پرانے ناموں کو ایک مرتبہ پھر آزمانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ نئے چہروں میں سیالکوٹ کے شکیل انصر، حارث سہیل اور رضا حسن شامل ہیں جبکہ جن پرانے ناموں کو واپس بلایا گیا ہے ان میں محمد سمیع کو تینوں دستوں میں جبکہ فیصل اقبال کو صرف طویل طرز کی کرکٹ میں طلب کیا گیا ہے۔ محمد سمیع نے آخری مرتبہ نے جنوبی افریقہ کے خلاف 2010ء میں ہونے والی سیریز میں آخری مرتبہ ٹیسٹ مقابلہ کھیلا تھا جبکہ انہوں نے ایک روزہ میں آخری مرتبہ مئی 2007ء میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ دوسری جانب فیصل اقبال آخری مرتبہ 2010ء کے ابتدائی ایام میں دورۂ آسٹریلیا میں ملک کی جانب سے کھیلا تھا اور اس کے بعد سے اب تک کسی بھی سطح پر ملک کی جانب سے نہیں کھیل سکے۔

ٹیسٹ کے لیے اعلان کردہ دستے میں اسلام آباد کے آفاق رحیم اور سیالکوٹ کے محمد ایوب ڈوگر بھی شامل ہیں جو اس سیزن میں قائد اعظم ٹرافی میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں جبکہ ایک روزہ میں راحت علی اور ٹی ٹوئنٹی میں حارث سہیل، شکیل انصر اور صہیب تنویر نئے چہرے ہیں۔

شعیب ملک اور کامران اکمل توقعات کے عین مطابق ٹیم میں جگہ نہیں بنا پائے اور پاکستان نے وکٹ کیپر کی حیثیت سے ٹیسٹ میں عدنان اکمل اور ایک روزہ میں سرفراز احمد پر اعتماد کیا ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹی ٹوئنٹی، پانچ ایک روزہ اور دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے جن کا آغاز یکم جون کو ہوگا۔

ٹیسٹ دستہ:
مصباح الحق (کپتان)، اسد شفیق، اظہر علی، اعزاز چیمہ، آفاق رحیم، توفیق عمر، جنید خان، سعید اجمل، عبد الرحمن، عدنان اکمل، عمر گل، فیصل اقبال، محمد ایوب ڈوگر، محمد حفیظ، محمد سمیع اور یونس خان۔

ایک روزہ دستہ:
مصباح الحق (کپتان)، اسد شفیق، اظہر علی، اعزاز چیمہ، راحت علی، سرفراز احمد، سعید اجمل، شاہد آفریدی، عبد الرحمن، عمر اکمل، عمر گل، عمران فرحت، محمد حفیظ، محمد سمیع، ناصر جمشید اور یونس خان۔

ٹی ٹوئنٹی دستہ:
محمد حفیظ (کپتان)، احمد شہزاد، حارث سہیل، حماد اعظم، خالد لطیف، رضا حسن، سعید اجمل، شاہد آفریدی، شعیب ملک، شکیل انصر، صہیب تنویر، عمر اکمل، عمر گل، محمد سمیع، ناصر جمشید اور یاسر عرفات۔

پاکستان کا دورۂ سری لنکا 2012ء: مکمل شیڈول

تاریخ میدان
یکم جون بمقابلہ پہلا ٹی ٹوئنٹی ہمبنٹوٹا
3 جون بمقابلہ دوسرا ٹی ٹوئنٹی ہمبنٹوٹا
7 جون بمقابلہ پہلا ایک روزہ پالی کیلے
9 جون بمقابلہ دوسرا ایک روزہ پالی کیلے
13 جون بمقابلہ تیسرا ایک روزہ کولمبو
16 جون بمقابلہ چوتھا ایک روزہ کولمبو
18 جون بمقابلہ پانچواں ایک روزہ کولمبو
22 تا 26 جون بمقابلہ پہلا ٹیسٹ گال
30 جون تا 4 جولائی بمقابلہ دوسرا ٹیسٹ کولمبو
8 تا 12 جولائی بمقابلہ تیسرا ٹیسٹ پالی کیلے