دورۂ سری لنکا کے لیے عدم انتخاب، عبد الرزاق کی تنقید

0 1,019

پاکستان کے آل راؤنڈر عبد الرزاق نے دورۂ سری لنکا کے لیے ٹیم میں اپنے عدم انتخاب کو ہدفِ تنقید بنایا ہے۔

ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں، واپسی کے لیے پرامید ہوں: عبد الرزاق (تصویر: Getty Images)
ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں، واپسی کے لیے پرامید ہوں: عبد الرزاق (تصویر: Getty Images)

معروف کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق عبد الرزاق کا کہنا ہے کہ انہیں ٹیم میں منتخب نہ ہونے کا بہت دکھ ہوا ہے حالانکہ میں مکمل طور پر فٹ ہوں اور حال ہی میں ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی بھرپر کارکردگی دکھاتا آ رہا ہوں۔ انہوں نے کہا ہے کہ سلیکٹرز کی جانب سے مجھے نظر انداز کئے جانے کی روش پر قائم رہنا میرے لیے حیران کن امر ہے۔

انہوں نے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے آنے والی خبروں کی تردید کی اور کہا کہ وہ پاکستانی ٹیم میں ایک مرتبہ پھر واپسی کے لئے پر امید ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ میرا بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں، بلکہ مجھے یقین ہے کہ میں اب بھی پاکستان کے لئے کھیل سکتا ہوں۔ انگلستان کی کاؤنٹی لیسٹر شائر سے میرا معاہدہ ہے، میں وہاں جاؤں گا اور اس امید کے ساتھ کھیلوں گا کہ میری کار کردگی قومی سلیکٹرز کو مطمئن کر سکے۔

46 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے عبد الرزاق نے آخری مرتبہ گزشتہ سال نومبر میں سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز کھیلی تھی لیکن کاندھے کی انجری کے باعث انہیں باہر کر دیا گیا اور اس کے بعد سے وہ دوبارہ ٹیم میں جگہ نہیں بنا پائے۔