پاک-آسٹریلیا سیریز کے لیے دو تین مقامات زیر غور

0 1,014

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان محدود اوورز کی اہم ترین سیریز کی میزبانی کا معاملہ کھٹائی میں پڑ چکا ہے، کیونکہ سری لنکا نے سیریز کی میزبانی سے انکار کر دیا ہے کیونکہ اس کا شیڈول اولین سری لنکا پریمیئر لیگ سے متصادم ہو رہاہے۔اب پاکستان کرکٹ بورڈ کو فوری طور پر سیریز کے لیے نئے میزبان کی تلاش ہے ورنہ خدشہ ہے کہ یہ اہم سیریز ہی منسوخ ہو جائے گی جو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء کی تیاریوں کے سلسلے میں کلیدی کردار ادا کرے گی کیونکہ پاکستان 5 ایک روزہ مقابلوں کے ساتھ ساتھ تین ٹی ٹوئنٹی بھی کھیلے گا۔

آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء سے چند ہفتے قبل ہونے والی یہ سیریز بہت اہمیت کی حامل ہے
آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء سے چند ہفتے قبل ہونے والی یہ سیریز بہت اہمیت کی حامل ہے

کیونکہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کا فی الحال کوئی امکان نہیں اس لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کو ایک مرتبہ پھر بیرون ملک ہی کوئی مقام تلاش کرنا پڑے گا اور اس حوالے سے پی سی بی کے ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ انتخاب عالم نے معروف ویب سائٹ پاک پیشن سے گفتگو کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ گو کہ ابھی نئے مقام کا تعین باقی ہے تاہم پاک-آسٹریلیا سیریز ضرور منعقد ہوگی۔

انتخاب عالم کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کا سری لنکا میں عدم انعقاد مایوس کن ضرور تھا کیونکہ یہ سری لنکا میں ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ سے قبل پاکستان کو زبردست تیاریوں کا موقع فراہم کرتا لیکن یہ معاملہ ہمارے ہاتھ میں نہیں تھا اور ہمیں اپنے سری لنکا کے متبادل کے طور پر دو سے تین مقامات رکھنے چاہئے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈمیں مختلف عہدوں پر خدمات انجام دینے والےانتخاب عالم نے اس شبے کو رد کیا کہ آسٹریلیا کے خلاف یہ سیریز متبادل مقامات کی عدم دستیابی کے باعث منسوخ ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کی منسوخی کا کوئی امکان نہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ متعدد آپشنز پر غور کر رہا ہے جو سری لنکا کے متبادل بن سکتے ہیں۔ ہم ہفتے ڈیڑھ میں مزید تفصیلات طے کر لیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ممکنہ متبادل مقامات کے حوالے سے تلاش مکمل ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ جلد ہی کرکٹ آسٹریلیا سے رابطہ کرے گا۔ ہماری نظریں آسٹریلیا کے خلاف کھیلنے پر مرکوز ہیں اور امید ہے کہ یہ ایک شاندار سیریز ہوگی چاہے جہاں بھی کھیلی جائے۔