باصلاحیت اسپن باؤلرز کی ملک گیر تلاش کا آغاز اگلے ماہ

0 1,050

پاکستان کرکٹ بورڈ نے تیز گیند بازوں کے ساتھ ساتھ ملک بھر سے اسپن باؤلنگ کے ’غیر تراشیدہ ہیروں‘ کی تلاش کا بھی عزم کرلیا ہے اور اس مشن کی ذمہ داری لیجنڈری لیگ اسپنر عبدالقادر کو سونپی جارہی ہے۔ آئندہ ماہ عبدالقادر نگری نگری گھوم کر پاکستان کے لیے نئے اسپن گیند باز تلاش کریں گے۔ اس سے قبل پاکستان، جو دنیا بھر میں تیز گیند بازوں کا دیس سمجھا جاتا ہے، کے گلی کوچوں میں تیز باؤلرز کی تلاش ریورس سوئنگ کے موجد سرفراز نواز کے سپرد کی گئی تھی اور وہ بھی عبد القادر ہی کی طرح اپنی مہم کا آغاز آئندہ ماہ کریں گے۔

لیجنڈری اسپنر عبد القادر اگلے ماہ سے اسپنرز کی تلاش شروع کریں گے، تیز گیند بازوں کی تلاش کا فریضہ سرفراز نواز انجام دیں گے (تصویر: AFP)
لیجنڈری اسپنر عبد القادر اگلے ماہ سے اسپنرز کی تلاش شروع کریں گے، تیز گیند بازوں کی تلاش کا فریضہ سرفراز نواز انجام دیں گے (تصویر: AFP)

عبدالقادر نے ’کرک نامہ‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ اس بارے میں چیئرمین کرکٹ بورڈ ذکا اشرف سے بات ہوئی تھی، جنہوں نے اس مشن کے لیے ’ہری بتی‘ دکھا دی ہے۔ 21 مئی کو شمالی علاقہ جات کے دورے سے لاہور واپسی کے بعد اس مشن کے بارے میں مزید تفصیلات بتا پاؤں گا تاہم مجھے یقین ہے کہ پشاور سے کراچی تک، پاکستان بھر کا دورہ کر کے ایسے نایاب ہیرے تلاش کرلوں گا جو پاکستان کے لیے اثاثہ ثابت ہوں گے۔

عبدالقادر کا کہنا تھا کہ میں ایک اسپنر ہوں اس لیے میری مہم محض لیگ اسپنر کی تلاش پر مبنی نہیں ہوگی، بلکہ آف اور لیگ دونوں انداز کے اسپنر، جس میں بھی اتنی صلاحیت نظر آئی کہ وہ مستقبل میں پاکستان کے لیے کامیابیاں سمیٹے اور بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی دھاک بٹھائے، اس کی صلاحیتوں کو تراشنے میں اپنا کردار ادا کروں گا۔

عبدالقادر، جو ہمیشہ سے ہی یہ مانتے آئے ہیں کہ لیگ اسپنر میچ ونر ہوتا ہے، کا اس بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ میری کوشش ہوگی کہ ایسے باصلاحیت لیگ اسپنر تلاش کروں، جیسے دانش کنیریا کو میں نے جنرل توقیر ضیاء کے زمانے میں کھوجا تھا، پھر انہیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں لایا جائے اور پاکستان کی لیگ اسپن گیند بازی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ایک دستہ تشکیل دیا جائے جو مستقبل کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کرے۔

واضح رہے اس سے قبل سرفراز نواز نے بھی کرک نامہ کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ پاکستان کے تمام اضلاع میں جاکر تیز گیند بازوں کو تلاش کریں گے تاکہ پاکستان کو دوبارہ سے حقیقی تیز باؤلرز میسر آسکیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ چاہتا ہے کہ سرفراز نواز اور عبدالقادر دونوں مشترکہ طور پر یہ کیمپس پاکستان کے مختلف شہروں میں لگائیں تاکہ بیک وقت پاکستان کو تیز اور اسپن باؤلرز کی کھیپ میسر آسکے۔ اب دیکھتے ہیں کہ اگلے ماہ یہ دونوں لیجنڈری باؤلرز کس طرح اپنے کام کا آغاز کرتے ہیں۔