ملائیشیا، جنوبی افریقہ یا زمبابوے؟ پاک-آسٹریلیا سیریز کے میزبان کا اعلان اگلے ہفتے

0 1,013

سری لنکا کی جانب سے رواں سال پاک-آسٹریلیا سیریز کی میزبانی سے انکار کے باعث اب پاکستان کرکٹ بورڈ سخت پریشانی کے عالم میں نے میزبان تلاش کر رہا ہے کیونکہ اگر فوری طور پر یہ طے نہ کیا گیا تو عین ممکن ہے کہ پاکستان ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء سے قبل کھیلی گئی ایک اہم ترین سیریز سے محروم ہو جائے۔ پہلے سے پانچ ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلوں یہ سیریز سری لنکا میں طے شدہ تھی لیکن اچانک سری لنکا پریمیئر لیگ کی تاریخوں کے اعلان کے باعث سری لنکا کو معذرت کرنا پڑی۔

یہ سیریز اس لیے اہم ہے کیونکہ یہ آئی سی سی کے دوسرے بڑے ٹورنامنٹ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے قبل کھیلی جائے گی
یہ سیریز اس لیے اہم ہے کیونکہ یہ آئی سی سی کے دوسرے بڑے ٹورنامنٹ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے قبل کھیلی جائے گی

پاکستان مارچ 2009ء میں لاہور میں سری لنکا کی قومی کرکٹ ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد سے بین الاقوامی مقابلوں سے محروم ہے اور اب تک اپنی 'ہوم سیریز' متحدہ عرب امارات، انگلستان اور نیوزی لینڈ میں کھیل چکا ہے۔ جن میں سے عرب امارات کو پاکستان کا 'دوسرا گھر' قرار دینا مناسب ہوگا لیکن سخت گرمیوں اور ماہ رمضان کے باعث پاک-آسٹریلیا سیریز کا انعقاد وہاں ممکن نہیں، یہی وجہ ہے کہ پاکستان نے سری لنکا کا انتخاب کیا تھا جہاں ماضی میں بھی پاک-آسٹریلیا مقابلے ہو چکے ہیں۔ لیکن سری لنکا کی جانب سے دستبردار ہو جانے کے بعد اب پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ ملائیشیا، جنوبی افریقہ یا زمبابوے میں سے کسی ایک مقام پر سیریز منعقد کرے گا، اور معاملات کو ایک ہفتے میں حتمی شکل دے دی جائے گی۔

اس حوالے سے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ انتخاب عالم نے کہا کہ "بلاشبہ سری لنکا کی جانب سے میزبانی سے دستبرداری ہمارے لیے پریشان کن ہے، لیکن ان کے اپنے ناگزیر مسائل ہیں۔ اب ہم متبادل مقام تلاش کر رہے ہیں جہاں پاک-آسٹریلیا سیریز منعقد ہو سکے۔ ہماری نظریں جن مقامات پر ہیں وہ ملائیشیا، جنوبی افریقہ اور زمبابوے ہیں۔ اس حوالے سے حتمی فیصلہ ایک ہفتے میں کر لیا جائے گا۔

دراصل سری لنکا کرکٹ نے رواں سال مارچ میں پاک-آسٹریلیا سیریز کی میزبانی پر رضامندی ظاہر کی ہے اور اس وقت پریمیئر لیگ کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا تھا، جس کا پہلا سیزن گزشتہ سال منسوخ ہو گیا تھا۔ لیکن چند روز قبل سری لنکا اور لیگ منتظمین کے مابین ہونے والے تازہ معاہدے کے بعد اس کا اگست میں طے ہونا پایا ہے جس کی وجہ سے لیگ پاک-آسٹریلیا سیریز کے شیڈول سے متصادم ہوگئی ہے۔ اس لیے سری لنکا کو میزبانی سے معذرت کرنا پڑی۔

ابتدائی طور پر پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 5 ایک روزہ کے علاوہ صرف ایک ٹی ٹوئنٹی مقابلہ طے شدہ تھا لیکن کیونکہ اس سیریز کے فورا بعد دونوں ممالک ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء کھیلیں گے اس لیے دونوں بورڈز ایک کے بجائے تین ٹی ٹوئنٹی مقابلے کھیلنے پر متفق ہوئے ہیں۔