ایشیا کپ فاتحین کے لئے انعامات کا اعلان

3 1,047

دو ماہ بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کو یہ خیال آیا کہ ایشیا کپ میں شاندار کارکردگی دکھانے اور فتح حاصل کرنے والی پاکستان ٹیم کو داد، و انعامات، سے نہ نوازنا انصاف کے منافی ہوگا۔ اب سری لنکا کے خلاف اہم سیریز کے انعقاد سے قبل ایک نامعلوم 'خطرے' کے پیش نظر کرکٹ بورڈ نے نوازنے کے عمل کو ضروری سمجھا ہے اور گزشتہ روز لاہور میں ایک تقریب کے دوران کھلاڑیوں کے لئے چار چار لاکھ جبکہ معاون عملے کے لئے دو دو لاکھ روپے کے انعامات کا اعلان کیا گیا۔

پاکستان نے مارچ میں طویل عرصے بعد ایشیا کپ ٹرافی جیتی تھی (تصویر: Getty Images)
پاکستان نے مارچ میں طویل عرصے بعد ایشیا کپ ٹرافی جیتی تھی (تصویر: Getty Images)

پاکستان کی جانب سے صرف ایشیا کپ ہی نہیں بلکہ اس سے قبل بھی بہترین کارکردگی دیکھنے میں آئی ہے۔ ویسٹ انڈیز سے ٹیسٹ سیریز برابر کرنے کے بعد انہیں ایک روزہ سیزیز میں شکست دی، کامیاب دورۂ زمبابوے اور پھر دورۂ بنگلہ دیش۔سری لنکا سے ٹیسٹ، ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی۔اور پھر ٹیسٹ کرکٹ میں اول درجے پر موجود انگلستان کو چاروں شانے چت کر کے 3-0 سے کامیابی حاصل کی۔

تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے یہ اعلان بھی کیا گیا کہ کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں 25 فیصد اور میچ فیس میں 10 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔اس سال 42 کھلاڑیوں کو کانٹریکٹ دیا جائے گا جن کے ناموں کا اعلان آج ہونے جا رہا ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستاں کی انگلستاں کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں نمایاں کامیابی کے بعد بھی پی سی بی نے یہ اعلان کیا تھا کہ کھلاڑیوں کو اس سلسلے میں اعزازات سے نوازا جائے گا مگر انگلستان کے ہاتھوں ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی مرحلے میں پاکستان کو بری طرح شکست کا منہ دیکھنا پڑا اور یہ معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا۔ اس حوالے سے یہ اطلاعات بھی تھیں کہ پاکستان کی ٹیسٹ سیریز میں کارکردگی کو اس لئے نظر انداز کر دیا گیا کہ چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف اور اس وقت کے کوچ محسن خان کے درمیان اختلافات نے جنم لے لیا تھا۔ وہ دورہ محسن خان کے لئے آخری ثابت ہوا اور ان کی جگہ موجودہ کوچ ڈیو واٹمور نے لے لی۔