سی ایل ٹی 20: سیالکوٹ اسٹالینز کو شرکت کی باضابطہ منظوری مل گئی

0 1,003

پاکستان کی کوئی بھی ٹیم ابتدا ہی سے چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی کا حصہ بننے میں ناکام رہی ہے، جس کی واحد وجہ پاکستان اور بھارت کے ہمیشہ تناؤ کی کیفیت میں رہنے والے کرکٹ تعلقات ہیں، جو 2008ء کے بعد سے مکمل طور پر منقطع ہیں۔ مگر حال ہی میں بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے تعلقات کی بحالی کے لیے مثبت قدم اٹھائے گئے ہیں جن سے یہ توقع کی جا سکتی ہے کہ اب دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہوں گے۔

چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی 2012ء رواں سال اکتوبر میں بھارت میں ہوگی
چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی 2012ء رواں سال اکتوبر میں بھارت میں ہوگی

12 مئی کو بھارتی بورڈ کی جانب سے رضا مندی ظاہر کی گئی تھی کہ وہ سی ایل ٹی 20 کی گورننگ کونسل سے سفارش کرے گا کہ اسے پاکستان کی جانب سے کسی ٹیم کی شرکت پر کوئی اعتراض نہیں۔ بھارتی بورڈ کی رضا مندی کے بعد تو اس بات کا کم ہی امکان تھا کہ اس کی سفارش کو مسترد کر دیا جائے اور گزشتہ روز گورننگ کونسل کے اجلاس میں اس امر کی باضابطہ طور پر منظوری دے دی گئی ہے کہ سیالکوٹ اسٹالینز اکتوبر سے بھارت میں شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کی نمائندگی کر سکے گی۔

اسٹالینز کو لیگ میں شمولیت کی اجازت اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف کو آئی پی ایل فائنل دیکھنے کی دعوت یقیناً بھارتی بورڈ کی جانب سے دو ایسے اقدام ہیں جن سے یہ امید کی جا سکتی ہے کہ نومبر 2008ء میں ممبئی حملوں کے بعد سے بگڑے تعلقات جلد بحال ہو جائیں گے اور پاکستان اور بھارت بہت جلد آپس میں بین الاقوامی کرکٹ کھیلتے نظر آئیں گے۔ پاکستان کی کسی بھی ٹیم کے لئے یہ پہلا موقع ہو گا کہ وہ سی ایل ٹی 20 کا حصہ بنے گی، گو کہ 2008ء میں سی ایل ٹی ٹوئنٹی کے پہلے ایڈیشن کے لیے سیالکوٹ اسٹالینز کو مدعو کیا گیا تھا لیکن ممبئی حملوں کے باعث وہ شرکت نہ کرپایا۔

اس مثبت قدم کے بعد قوی امکانات ہیں کہ انڈین پریمیئر لیگ کے اگلے سیزن میں پاکستانی کھلاڑیوں کو شرکت کی اجازت بھی مل جائے۔ گزشتہ 4 سال میں پہلے بھارت کی پابندی اور اور بعد ازاں پاکستان کی جانب سے اپنے کھلاڑیوں کو آئی پی ایل میں شرکت سے منع کرنے کے باعث دنیا کی سب سے بڑی لیگ پاکستانی کھلاڑیوں سے محروم رہی اور دونوں ملکوں کی جانب سے پابندی اٹھنے کے بعد بھی درونِ خانہ معاملات کچھ ایسے رہے کہ فرنچائزز پاکستانی کھلاڑیوں کو خریدنے سے صاف انکاری نظر آئیں۔

اگر رواں سال سی ایل ٹی 20 میں کئی مرتبہ کی قومی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن سیالکوٹ اسٹالینز اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو اس سے مستقبل میں پاکستان کے لیے لیگ کرکٹ کے مزید دروازے کھل سکتے ہیں۔ سی ایل ٹی 20 میں دنیا بھر کے مختلف ممالک کی قومی چیمپئن ٹیمیں حصہ لیتی ہیں جن میں انڈین پریمیئر لیگ، آسٹریلیا کی بگ بیش، انگلستان کی فرینڈز لائف ٹی 20 اور جنوبی افریقہ کا قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ وغیرہ شامل ہیں۔