رچرڈ پائی بس بنگلہ دیش کے نئے کوچ

0 1,013

انگلستان و جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے سابق پاکستان کوچ رچرڈ پائی بس کو بنگلہ دیش کا نیا کوچ بنا دیا گیا ہے۔ 47 سالہ پائی بس نے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے دو سال کا معاہدہ کیا ہے اور ممکنہ طور پر وہ اگلے ماہ دورۂ زمبابوے سے قبل بنگلہ دیش کے قومی دستے میں شمولیت اختیار کر لیں گے۔

رچرڈ پائی بس ماضی میں پاکستان کی کامیابی سے کوچنگ کر چکے ہیں (تصویر: Getty Images)
رچرڈ پائی بس ماضی میں پاکستان کی کامیابی سے کوچنگ کر چکے ہیں (تصویر: Getty Images)

1999ء اور 2003ء کے عالمی کپ کے مواقع پر پاکستان کی کوچنگ کرنے والے رچرڈ پائی بس دنیائے کوچنگ میں ایک معروف نام ہیں۔ جنوبی افریقہ میں ہونے والے عالمی کپ کے بعد سے انہوں نے مقامی کرکٹ ٹیموں کی کوچنگ سنبھالی اور اب 9 سالوں کے بعد ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی کردار میں سامنے آئیں گے۔

پائی بس آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے اسٹورٹ لا کی جگہ بنگلہ دیش کے کوچ کا عہدہ سنبھالیں گے جنہوں نے قومی کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان پر رضامندی ظاہر کرتے ہی قبل از وقت استعفیٰ دے دیا تھا جبکہ بنگلہ دیش نے بعد ازاں پاکستان کا دورہ بھی نہیں کیا۔

اس اعلان کے ساتھ ہی پائی بس کا کہنا ہے کہ "بنگلہ دیش کی کوچنگ کا موقع ملنے پر میں خوش ہوں اور میری نظریں ان باصلاحیت کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرنے پر مرکوز ہیں۔ ہمارے سامنے ایک مصروف شیڈول ہے اور آنے والے چند ماہ کھلاڑیوں اور دیگر کوچنگ عملے کے ساتھ تعلقات بنانے میں لگیں گے۔ اس امر کو یقینی بنانے کی کوشش کروں گا کہ حالیہ ایشیا کپ میں دکھائی گئی کارکردگی کا تسلسل جاری رہے۔"

واضح رہے کہ 1999ء میں رچرڈ پائی بس کی زیر تربیت پاکستانی ٹیم عالمی کپ کے فائنل تک پہنچی تھی البتہ 2003ء میں اسے پہلے مرحلے میں باہر ہو جانا پڑا۔