بلی ڈاکٹروو نے امپائرنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

0 1,012

ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے معروف امپائر بلی ڈاکٹروو نے بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے ایلیٹ پینل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے ایک اعلامیہ میں، جس کی نقل جمعرات کو کرک نامہ کو موصول ہوئی ہے، ڈاکٹروو کی ریٹائرمنٹ کی تصدیق کر دی ہے اور کہا ہے کہ وہ رواں ماہ مکمل ہونے والے معاہدے میں مزید توسیع کے خواہاں نہیں ہیں۔

بلی ڈاکٹروو نے بدنام زمانہ پاک-ویسٹ انڈیز اینٹیگا ٹیسٹ 2000ء سے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا (تصویر: Getty Images)
بلی ڈاکٹروو نے بدنام زمانہ پاک-ویسٹ انڈیز اینٹیگا ٹیسٹ 2000ء سے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا (تصویر: Getty Images)

ڈاکٹروو کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری ایک روزہ اور بعد ازاں ٹیسٹ سیریز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دینا تھے لیکن ایک خاندانی صدمے کے باعث وہ اس سیریز میں آخری مرتبہ فرائض بھی انجام نہ دے پائے اور اپنے وطن ڈومینیکا روانہ ہو گئے اور اب اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ یوں رواں سال مارچ میں جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہملٹن میں ہونے والا دوسرا ٹیسٹ امپائر کی حیثیت سے ان کا آخری معرکہ مقابلہ قرار پایا ہے۔

56 سالہ بلی ڈاکٹروو نے 38 ٹیسٹ، 112 ایک روزہ اور 17 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیے جس میں آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2010ء کا بارباڈوس میں ہونے والے انگلستان-آسٹریلیا فائنل بھی شامل تھا۔

3 جولائی 1955ء کو ڈومینیکا میں پیدا ہونے والے ڈاکٹروو نے 4 اپریل 1998ء کو کنگزٹاؤن، سینٹ ونسنٹ میں ہونے والے ویسٹ انڈیز-انگلستان ایک روزہ مقابلے سے اپنے بین الاقوامی امپائرنگ کیریئر کا آغاز کیا اور ان کا پہلا ٹیسٹ 2000ء کا بدنام زمانہ پاک-ویسٹ انڈیز اینٹیگا ٹیسٹ تھا، جو بلی ڈاکٹروو کے ناقص فیصلوں کے باعث ویسٹ انڈیز محض ایک وکٹ سے جیتنے میں کامیاب ہوا تھا۔ اس طرح پاکستانی شائقین کی ڈاکٹروو سے کچھ اچھی یادیں وابستہ نہیں کیونکہ پہلا ہی ٹیسٹ پاکستان ان کی ناقص کارکردگی کے باعث ہار گیا تھا۔

انہیں 2004ء میں آئی سی سی کے انٹرنیشنل پینل میں اور 2006ء میں ایلیٹ پینل میں ترقی دی گئی۔ ڈاکٹروو نے 14 سالہ کیریئر کے اختتام پر بین الاقوامی کرکٹ کونسل، ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ اور اپنے اہل خانہ سمیت دیگر تمام دوستوں، ساتھیوں اور کرکٹ کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کیریئر کے دوران ان کی حوصلہ افزائی کی۔