آسٹریلیا کی سست بیٹنگ پر آئی سی سی کو شبہات ہیں، بھارتی ذرائع ابلاغ

4 1,061

بھارتی ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل کا اینٹی-کرپشن اینڈ سیکورٹی یونٹ (اے سی ایس یو) زمبابوے اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے میچ میں آسٹریلوی اننگ کے انتہائی سست آغاز پر غور کر رہا ہے۔

بھارت کے سرکاری خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کی پیش کردہ رپورٹ، جو کہ مختلف اخبارات میں شایع ہوئی ہے، کے مطابق احمد آباد کے سردار پٹیل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ہیڈن اور شین واٹسن نے زمبابوے کے خلاف ابتدائی دو اوورز میں محض پانچ رنز بنائے اور آسٹریلیا کے ابتدائی 10 اوورز میں صرف 28 رنز بنے۔ جس پر آئی سی سی کی انسداد بدعنوانی کی کمیٹی شکوک کا اظہار کرتے ہوئے غور کر رہی ہے۔ آئی سی سی نے کہا ہے کہ وہ اینٹی کرپشن یونٹ کے کسی بھی معاملے پر تبصرہ نہیں کرتے، اور نہ ہی یہ بتا سکتے ہیں کہ کسی میچ کے حوالے سے تحقیقات جا رہی ہیں کہ نہیں۔

واضح رہے کہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے سامنے آنے کے بعد آئی سی سی کا یہ یونٹ ہر میچ پر کڑی نگاہ رکھے ہو ئے ہے خصوصاً رنز اسکور کرنے کے غیر معمولی انداز پر گہری نظر رکھتا ہے۔

ان خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کے وکٹ کیپر بیٹسمین اور اوپنر بریڈ ہیڈن نے کہا ہے کہ یہ بہت بڑا مذاق ہے۔ انہوں نے ان رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان پر تو ہنسا ہی جا سکتا ہے۔ آسٹریلیا کے ٹیم مینیجر اسٹیو برنارڈ نے بھی کہا ہےکہ یہ اس ہفتے کو سنی گئی بیوقوفانہ ترین خبر ہے اور میرے خیال میں ہمیں ایسی کئی خبریں سننا پڑیں گی۔ میں نے زندگی میں پہلی بار سنا ہے کہ کوئی ٹیم دو اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 5 رنز بناتی ہے اور مشکوک قرار پائے۔