پاک-سری لنکا آخری مقابلوں میں بارش کا خطرہ، اضافی دن مقرر

0 1,002

پاکستان کی جانب سے مطالبے کے بعد سری لنکا کرکٹ نے ایک روزہ سیریز کے بقیہ دو مقابلوں کے لیے اضافی دن طے کر لیے ہیں تاکہ سیریز کے بقیہ دونوں مقابلے بارش کی نذر نہ ہو جائیں۔ پانچ میچز کی سیریز 3 مقابلوں کے اختتام پر 1-1 سے برابر ہے اور اب چوتھا مقابلہ کل بروز ہفتہ کولمبو میں کھیلا جائے گا جبکہ شہر میں شدید بارش کی پیش گوئی ہے۔

بارش کے باعث تیسرے ایک روزہ مقابلے میں صرف 6.2 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا (تصویر: AFP)
بارش کے باعث تیسرے ایک روزہ مقابلے میں صرف 6.2 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا (تصویر: AFP)

سری لنکا کرکٹ کے سیکرٹری نشانتھا راناتنگا نے معروف ویب سائٹ کرک انفو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگلے دونوں ایک روزہ مقابلے ایک فاضل دن کے حامل ہوں گے۔ ابتدا میں دونوں مقابلوں کو ہمبنٹوٹا منتقل کرنے کا ارادہ تھا، کیونکہ یہ وہ واحد علاقہ ہے جو اس وقت بارش کی زد میں نہیں ہے، لیکن چند ناگزیر مسائل کے باعث اس رائے کو رد کرنا پڑا۔

بدھ کو ہونے والےتیسرے ایک روزہ میچ میں صرف 6.2 اوورز کا میچ ممکن ہو سکا جبکہ پالی کیلے میں ہونے والا پہلا مقابلہ بھی بارش سے متاثر ہوا تھا اور میچ کو 42 اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے اس فیصلے کے بعد اب اس امر کا خطرہ کم ہو گیا ہے کہ بقیہ دونوں میچز بھی بے نتیجہ ثابت ہوں گے۔ اس فیصلے کے بعد اب چوتھے ایک روزہ مقابلے کی اہمیت بہت زیادہ ہو گئی ہے کیونکہ اس میں جیتنے والی ٹیم سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل ہو جائے گی۔