انگلستان-آسٹریلیا سیریز ضروری نہ تھی، جنوبی افریقہ کے خلاف پانچ ٹیسٹ ہوتے تو مزا آ جاتا: بائیکاٹ

0 1,043

انگلستان کے سابق کپتان اور معروف تجزیہ کار جیفری بائیکاٹ نے انگلستان اور آسٹریلیا کے مابین پانچ ایک روزہ سیریز کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ کہیں بہتر ہوتا اگر جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں ٹیسٹ میچز کی تعداد بڑھا کر 5 کر دی جاتی ہے۔

جنوبی افریقہ کے خلاف صرف تین ٹیسٹ طے کرنے پر بہت مایوس اور افسردہ ہوں: جیفری بائیکاٹ (تصویر: Getty Images)
جنوبی افریقہ کے خلاف صرف تین ٹیسٹ طے کرنے پر بہت مایوس اور افسردہ ہوں: جیفری بائیکاٹ (تصویر: Getty Images)

معروف ویب سائٹ کرک انفو کے پروگرام " Bowl at Boycs" میں جیفری کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ ایک شاندار ٹیم ہے، کئی زبردست کھلاڑیوں اور عظیم ٹیسٹ ریکارڈز کی حامل۔ اگر انگلستان اور جنوبی افریقہ کا ٹکراؤ ہو تو پیش گوئی کرنا مشکل ہو جاتا ہے کہ کون جیتے گا اور میں بھی نہیں کر سکتا اور یہ کہنے پر مجبور ہوں کہ جو ٹیم اس دن اچھا کھیلے گی جیتے گی۔ اگر اس اعلیٰ پائے کی سیریز میں صرف تین ٹیسٹ مقابلے ہوں اور آپ ایک جیت جائیں تو آپ سوچیں گے کہ بس اب صرف ایک ٹیسٹ ڈرا کرنا ہے اور ہم سیریز ہارنے سے بچ جائیں گے۔ اس کے مقابلے میں اگر پانچ مقابلوں کا معاملہ ہو تو پھر حقیقی مقابلہ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں انگلستان کرکٹ کے منتظمین کو اس مرتبہ غلط فہمی ہوئی ہے۔ انگلستان میں جہاں لوگ آسٹریلیا جیسے روایتی حریف کے خلاف میچز کی ٹکٹیں کسی بھی قیمت پر لینے کو تیار ہیں، اور ایشیائی شائقین کے لیے عرض کرتا چلوں کہ معمولی سے معمولی ٹکٹ بھی انگلستان میں 50 سے 60 پاؤنڈز کا ہوتا ہے جبکہ لندن میں تو یہ اور بھی مہنگا ہوتا ہے، اور یوں پانچ ایک روزہ مقابلوں سے انگلستان کو ٹھیک ٹھاک آمدنی ہوگی لیکن میں سمجھتا ہوں کہ جن دو ٹیسٹ مقابلوں کی قربانی دی گئی ہے، جنوبی افریقہ جیسے سخت حریف کو مدنظر رکھا جائے تو اس سے کہیں زیادہ آمدنی انگلستان کو ٹیسٹ مقابلوں ہی سے ہو جاتی۔ اس لیے میں محض تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے انعقاد پر بہت مایوس اور افسردہ ہوں۔

انگلستان اور آسٹریلیا کے درمیان 5 ایک روزہ مقابلوں کی سیریز کا آغاز آج (جمعے سے) لارڈز میں پہلے ایک روزہ سے ہو چکا ہے اور یہ سیریز 10 جولائی تک جاری رہے گی جس کے بعد 'سال کی سب سے بہترین سیریز' انگلش سرزمین پر کھیلی جائے گی جہاں دنیائے ٹیسٹ کی نمبر ایک انگلستان اور نمبر دو جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی اور اسی سیریز کے نتیجے میں نئے عالمی نمبر ایک کا فیصلہ ہوگا۔

انگلستان-جنوبی افریقہ سیریز کا باضابطہ آغاز 19 جولائی کو اوول میں پہلے ٹیسٹ سے ہوگا اور تین ٹیسٹ مقابلوں کے بعد دونوں ممالک 5 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلے بھی کھیلیں گے۔