’کفر ٹوٹا خدا خدا کر کے‘ پاک-آسٹریلیا سیریز کا حتمی شیڈول جاری

0 1,016

اللہ اللہ کر کے بالآخر پاک-آسٹریلیا سیریز کے معاملات طے پاگئے ہیں اور محدود اوورز کی اس سیریز کی تاریخوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جس کے مطابق سیریز 28 اگست کو پہلے ایک روزہ مقابلے کے ساتھ ابوظہبی میں شروع ہوگی۔

سیریز کا آغاز ابوظہبی میں پہلے ایک روزہ میچ سے ہوگا (تصویر: AFP)
سیریز کا آغاز ابوظہبی میں پہلے ایک روزہ میچ سے ہوگا (تصویر: AFP)

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء سے چند روز قبل ہونے والی اس اہم ترین سیریز کے معاملات کئی مرتبہ بگڑے۔ سری لنکا بطور میزبان چن لیا گیا اور اس نے اپنی پریمیئر لیگ کی اچانک منظوری کے باعث ہاتھ کھینچ لیا اور پاکستان کو نئے میزبان کے لیے دربدر بھٹکنے پر مجبور کر دیا۔ کئی مرتبہ تو ایسا لگا کہ آسٹریلیا سیریز کھیلنے سے انکار کر دے گا لیکن شاید اس کی گوٹ بھی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی وجہ سے پھنسی ہوئی ہے کہ اسے اہم ٹورنامنٹ سے قبل ایک بڑی ٹیم کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کا موقع ملے گا اور یوں ٹورنامنٹ کی اچھی تیاری ہو جائے گا ورنہ پاکستان کو کب کا ٹہلا چکا ہوتا۔

بہرحال، ہر طرف سے مایوسی کے بعد پاکستان نے بادل نخواستہ متحدہ عرب امارات کا انتخاب تو کیا لیکن سب سے بڑا مسئلہ وہاں اگست و ستمبر کے مہینوں میں سخت گرمی کا تھا۔ پاکستان اور آسٹریلیا 2002ء میں اکتوبر کے مہینے میں شارجہ میں دو ٹیسٹ میچز کھیل چکے تھے جہاں سخت گرمی اور آسٹریلیا کی تباہ کن باؤلنگ نے پاکستان کے چھکے چھڑا دیے تھے۔ اور آسٹریلیا کی نظروں میں بھی اس مرتبہ گرم موسم کھٹک رہا تھا یہاں تک کہ آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن نے باضابطہ طور پر اعتراض کیا کہ گرم موسم کے باعث کھلاڑیوں کی صحت کو خطرات لاحق ہوں گے۔

اس پورے قضیے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے دل پر پتھر رکھ کر دونوں ملکوں کو ایک روزہ مقابلے چھوڑنے اور 6 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں پر مشتمل سیریز کھیلنے کی اجازت دی لیکن نشریات کار (براڈکاسٹر) آڑے آ گیا۔ جس کا کہنا تھا کہ تین ون ڈے میچز کے اخراج سے اسے بہت نقصان ہو جائے گا اس لیے ایک روزہ مقابلے ضرور کھیلے جائیں۔ پاکستان ایک مرتبہ پھر درخواست لے کر دوڑا اور کوالالمپور، ملائیشیا میں ہونے والے آئی سی سی کے حالیہ اجلاس میں کرکٹ آسٹریلیا کے روبرو پیش کی اور اُس نے ایک دن میں جواب دینے کا وعدہ کیا اور ان کی جانب سے ہری جھنڈی دکھائی دیتے ہی سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل مل گئی ہے۔

حتمی تاریخوں کے مطابق پہلا ایک روزہ ابوظہبی میں جبکہ دوسرے اور تیسرے ون ڈے میچز 31 اگست اور یکم ستمبر کو شارجہ میں ہوں گے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں مقابلے دبئی میں کھیلے جائیں گے جو بالترتیب 5، 7 اور 10 ستمبر کو ہوں گے۔ تاہم ابھی ان میچز کے اوقات کا اعلان نہیں کیا گیا جو سیریز کا سب سے اہم معاملہ ہیں یعنی کہ یہ میچز کس وقت شروع ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک روزہ مقابلے مقامی وقت کے مطابق شام پانچ بجے شروع ہوں گے۔

پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا 2012ء مکمل شیڈول

تاریخ بمقام
28 اگست پہلا ایک روزہ بمقابلہ ابوظہبی
31 اگست دوسرا ایک روزہ بمقابلہ شارجہ
یکم ستمبر تیسرا ایک روزہ بمقابلہ شارجہ
5 ستمبر پہلا ٹی ٹوئنٹی بمقابلہ دبئی
7 ستمبر دوسرا ٹی ٹوئنٹی بمقابلہ دبئی
10 ستمبر تیسرا ٹی ٹوئنٹی بمقابلہ دبئی