کمزور نیوزی لینڈ ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں بے حال

0 1,032

ویسٹ انڈیز نے اہم کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کے بعد کمزور نیوزی لینڈ کو بے حال کر دیا اور پہلا ایک روزہ با آسانی 9 وکٹوں سے جیت کر ایک روزہ مقابلوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ اس فتح میں اہم کردار آندرے رسل کی تباہ کن باؤلنگ اور بعد ازاں کرس گیل اور ڈیوین اسمتھ کی شاندار بلے بازی کا رہا جس نے بڑے عرصے بعد کسی سیریز میں ویسٹ انڈیز کی فتح کی بنیاد رکھی ہے۔

آندرے رسل نے نیوزی لینڈ کے ٹاپ آرڈر کو ڈھیر کیا اور مرد میدان قرار پائے (تصویر: WICB)
آندرے رسل نے نیوزی لینڈ کے ٹاپ آرڈر کو ڈھیر کیا اور مرد میدان قرار پائے (تصویر: WICB)

امریکہ میں تاریخی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے بعد اب 5 ایک روزہ میچز کی سیریز کا آغاز سبائنا پار، کنگسٹن، جمیکا میں ہوا ہے جہاں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا اور ابتدائی دس اوورز میں ہی نیوزی لینڈ کو مقابلے سے باہر کر دیا جو آندرے رسل کے ہاتھوں اپنے دونوں اوپنرز یعنی مارٹن گپٹل اور راب نکول اور بعد ازاں ڈینیل فلن سے محروم ہوا۔ نصف منزل یعنی 25 اوورز تک پہنچنے سے پہلے ہی نیوزی لینڈ محض 71 رنز پر اپنی آدھی ٹیم گنوا چکا تھا۔ زخمی روز ٹیلر کی عدم موجودگی میں قیادت کے فرائض انجام دینے والے کین ولیم سن محض 24 رنز بنا کر گرنے والی پانچویں وکٹ بنے۔ اگر بریڈلے-جان واٹلنگ نہ ٹکے رہتے تو نیوزی لینڈ مکمل 50 اوورز بھی نہ کھیل پاتا۔ انہوں نے تجربہ کار جیکب اورم کے ساتھ مل کر 46 اور اینڈریو ایلس کے ساتھ 44 رنز کی رفاقت قائم کیں اور مقررہ اوورز کے اختتام تک نیوزی لینڈ 9 وکٹوں پر محض 190 رنز بنانے ہی میں کامیاب ہوا۔

آندرے رسل کی 4 وکٹوں کے علاوہ دو، دو وکٹیں روی رامپال اور سنیل نرائن کو بھی ملیں۔ ایک وکٹ کپتان ڈیرن سیمی نے حاصل کی۔

جواب میں ویسٹ انڈیز لینڈل سیمنز کے ابتدائی نقصان کے بعد گیل اوراسمتھ کی اننگز پر سوار منزل کی جانب رواں دواں تھا، یہاں تک کہ 18 ویں اوور میں بارش نے میدان کو آ لیا۔ ویسٹ انڈیز کا اسکور محض ایک وکٹ کے نقصان کے ساتھ 93 رنز تھا۔ بارش کی وجہ سے دو گھنٹے کا کھیل ضایع ہوا اور ڈک ورتھ/لوئس نظام کے تحت ویسٹ انڈیز کا ہدف 33 اوورز میں 136 کر دیا گیا جو اس نے 25 ویں اوور ہی میں مکمل کر لیا۔

کرس گیل 57 گیندوں پر 5 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 63 جبکہ اسمتھ 77 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چھکوں سے مزین 65 رنز کی اننگز کھیل کر ناقابل شکست رہے۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان 130 رنز کی ناقابل شکست رفاقت قائم رہی۔

آندرے رسل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دونوں ٹیمیں اب 7 جولائی کو اسی میدان پر دوسرے ایک روزہ میں مدمقابل ہوں گی۔