ون ڈے سے ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں: سچن تنڈولکر

1 1,009

دنیائے کرکٹ کے ’بزرگ‘ ترین بلے باز سچن تنڈولکر نے کہا ہے کہ ان کا ایک روزہ کرکٹ کو چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں، اور وہ اس وقت تک کھیلتے رہیں گے جب تک کھیل کا لطف اٹھا رہے ہیں۔

39 سالہ سچن ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کے سب سے کامیاب بلے باز ہیں (تصویر: Fotocorp)
39 سالہ سچن ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کے سب سے کامیاب بلے باز ہیں (تصویر: Fotocorp)

حال ہی میں اپنی 39 ویں سالگرہ منانے والے سچن نے گزشتہ سال عالمی کپ 2011ء میں یادگار فتح کے بعد سے اب تک صرف دو ون ڈے مقابلے کھیلے ہیں اور چند روز قبل انہوں نے سری لنکا کے خلاف سیریز بھی نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ سیریز 21 جولائی سے سری لنکا میں شروع ہوگی جہاں بہرحال تنڈولکر ایکشن میں نظر نہیں آئیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ کم از کم ایک روزہ طرز میں اُن کے مستقبل پر سوالیہ نشان عائد ہو رہے تھے۔

لیکن بھارتی ٹیلی وژن چینل سی این این-آئی بی این سے گفتگو میں عظیم بلے باز کا کہنا ہے کہ ”انہیں اپنے بارے میں افواہوں کی شاذ و نادر ہی کوئی پروا ہوتی ہے، کسی ایرے غیرے کے سوچنے سے کچھ نہیں ہوتا، اور جب تک میں کھیل کا لطف اٹھاتا رہوں گا میں اس کا حصہ رہوں گا اور ون ڈے بھی کھیلنا جاری رکھوں گا۔“

سب سے زیادہ ٹیسٹ اور ایک روزہ رنز بنانے والے سچن نے کہا کہ ”میں نے 2007ء میں محسوس کیا تھا کہ مجھے ٹی ٹوئنٹی دستے کا حصہ نہیں ہونا چاہیے اور گو کہ مجھ سے اصرار بھی کیا گیا لیکن میں نے محسوس کیا کہ میری ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں جگہ نہیں ہونی چاہیے۔ جس روز یہی احساس ون ڈے کے حوالے سے بھی میرے ذہن میں پیدا ہوا میں یہ فیصلہ کر دوں گا۔“

تنڈولکر نے سری لنکا کے دورے سے دستبرداری کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔