مارک باؤچر کی آنکھ میں شدید چوٹ، کیریئر تمام ہونے کا خدشہ

1 1,016

جنوبی افریقہ کے تجربہ کار وکٹ کیپر مارک باؤچر کی انگلستان کے خلاف اہم سیریز میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے کیونکہ سمرسیٹ کے خلاف ٹور میچ کے دوران ان کی ایک آنکھ شدید زخمی ہو گئی ہے۔ ساتھی گیند عمران طاہر کی ایک گوگلی گیند سمرسیٹ کے بلے باز جمال حسین کو بولڈ کر گئی جس سے اسٹمپ کے اوپر رکھی ایک بیل اڑ کر سیدھی مارک باؤچر کی بائیں آنکھ میں جا لگی۔ اننگز کے 46 ویں اوور میں پیش آنے والے اس واقعے کے بعد باؤچر کو اس عالم میں میدان سے باہر لایا گیا کہ ان کی آنکھ سے خون بہہ رہا تھا۔

گیند لگنے کے بعد مارک باؤچر زمین پر لیٹے ہوئے (تصویر: Getty Images)
گیند لگنے کے بعد مارک باؤچر زمین پر لیٹے ہوئے (تصویر: Getty Images)

آنکھ میں لگنے والی اس سخت چوٹ کے باعث انہیں فوری طور پر سوموار کی شب آپریشن کے مراحل سے گزرنا پڑا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان کی آنکھوں کا سفید حصہ پھٹ گیا ہے۔ اتنی شدید انجری کے باعث ایسا لگتا ہے کہ دورۂ انگلستان کے علاوہ ان کا بین الاقوامی کیریئر بھی ختم ہو جائے گا۔

147 ٹیسٹ میچز اور 295 ایک روزہ مقابلوں کا طویل کیریئر رکھنے والے مارک باؤچر اس وقت 35 سال کے ہیں اور ممکنہ طور پر یہ ان کا آخری دورۂ انگلستان تھا جس کا باضابطہ آغاز 19 جولائی سے اوول کے میدان میں پہلے ٹیسٹ سے ہونا تھا لیکن اچانک تبدیل ہونے والی صورتحال نے انہیں ایک سنگ میل سے محروم کر دیا ہے۔ وہ ژاک کیلس کے بعد 150 ٹیسٹ کھیلنے والے پہلے جنوبی افریقی کھلاڑی بنتے۔ اکتوبر 1997ء میں شیخوپورہ میں پاکستان کے خلاف اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرنے والے باؤچر نے وکٹوں کے پیچھے 555 شکار کیے جن میں سے 23 اسٹمپ آؤٹ تھے جبکہ 30.30 کے شاندار اوسط سے 5515 رنز بھی بنائے۔ ایک روزہ میں ان کے وکٹوں کے پیچھے 425 شکار ہیں جبکہ 28.57 کے اوسط سے 4686 رنز بھی ان کے بہترین کیریئر کی ایک مثال ہیں۔

اگر مارک باؤچر پہلا ٹیسٹ نہ کھیل پائے، جس کے اس وقت 100 فیصد امکانات دکھائی دیتے ہیں، تو ممکنہ طور پر ابراہم ڈی ولیئرز وکٹوں کے پیچھے ذمہ داری سنبھالیں گے۔