کرکٹ آسٹریلیا کا انوکھا فیصلہ، باؤلنگ کوچ کے لیے وقار یونس کی درخواست رد

7 1,013

ماضی کے عظیم تیز باؤلر اور پاکستان کے سابق کوچ وقار یونس آسٹریلیا کے نئے باؤلنگ کوچ کی دوڑ سے باہر ہو گئے ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا اس وقت باؤلنگ کوچ کی تلاش میں ہے، یہ عہدہ رواں سال مئی کے مہینے میں کریگ میکڈرمٹ کے اچانک استعفے کے باعث خالی ہو گیا تھا اور وقار یونس اس عہدے کو پانے کے لیے کافی سنجیدہ تھے لیکن رواں ہفتے کرکٹ آسٹریلیا نے حیران کن طور پر ان کی درخواست رد کر دی۔

اس عہدے میں دلچسپی تھی لیکن میرے اور کرکٹ آسٹریلیا کے درمیان معاملات طے نہیں پائے: وقار یونس (تصویر: AFP)
اس عہدے میں دلچسپی تھی لیکن میرے اور کرکٹ آسٹریلیا کے درمیان معاملات طے نہیں پائے: وقار یونس (تصویر: AFP)

آسٹریلیا کے کرکٹ بورڈ کے اس انوکھے فیصلے پر خود آسٹریلین شائقین تک حیران ہیں کہ اک ایسی صورت میں جب وقار کے مقابلے میں کسی پائے کے کوچ کی درخواست بھی موجود نہیں، آخر بورڈ نے کیا سوچ کر وقار کو فہرست سے خارج کیا۔ اک ایسے وقت میں جب دنیائے کرکٹ کے بہترین باؤلنگ کوچ مصروف ہیں، ایلن ڈونلڈ، ڈیوڈ ساکر، جو ڈیوس اور ڈیمین رائٹ بین الاقوامی سطح پر مختلف ٹیموں کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ اینڈی بکل اور ڈیمین فلیمنگ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ اس آسامی میں دلچسپی نہیں رکھتے۔ ایک اور ممکنہ امیدوار سابق آسٹریلوی گیند باز جیسن گلسپی انگلش کاؤنٹی یارکشائر کے کوچ کی حیثیت سے پہلا سیزن گزار رہے ہیں، تو آخر کرکٹ آسٹریلیا نے کس ’ترنگ‘ میں آ کر وقار کی درخواست مسترد کی ہے، یہ سمجھ سے بالاتر ہے۔

بہرحال، معروف ویب سائٹ کرک انفو سے گفتگو کرتے ہوئے وقار یونس نے بتایا کہ مجھے اس عہدے میں دلچسپی تھی لیکن میرے اور کرکٹ آسٹریلیا کے درمیان معاملات طے نہیں پائے۔ میں نے ان سے تفصیلات طلب نہیں کیں، لیکن معاملہ تمام ہو چکا ہے۔ اب میں سری لنکا پریمیر لیگ میں ایک ٹیم کی کوچنگ کروں گا اور اس کے بعد کمنٹری کے فرائض انجام دینے کے لیے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا انتظار۔

373 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنے والے وقار یونس ریورس سوئنگ میں ماہر سمجھے جاتے تھے اور ریٹائرمنٹ کے بعد سے کسی نہ کسی صورت میں پاکستان کے لیے خدمات انجام دیتے رہے اور حال ہی میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے مستعفی ہوئے ہیں۔ اس وقت وقار یونس سڈنی میں مقیم ہیں اور اب بھی ان کی خواہش ہے کہ وہ کسی نہ کسی مرحلے پر آسٹریلیا میں کوچنگ کریں۔

میکڈرمٹ کے جانشیں کے لیے جن کھلاڑیوں نے درخواستیں جمع کروائیں ان میں سب سے مشہور وقار یونس ہی تھے۔ حتیٰ کہ آسٹریلیا کے نوجوان باؤلرز میں سب سے عمدہ کارکردگی دکھانے والے جیمز پیٹن سن تک نے کہا تھاکہ ان کی خواہش ہے کہ وقار یونس کو یہ عہدہ دیا جائے۔