سری لنکا پریمیئر لیگ - ایک تعارف

2 1,061

براعظم ایشیا میں لیگ کرکٹ کے اک نئے مرحلے کا آغاز رواں ماہ ’بحر ہند کے موتی‘ سری لنکا میں ہو رہا ہے جہاں 11 اگست سے دنیا کے کئی نامور کھلاڑی ”سری لنکا پریمیئر لیگ“ میں کھیلیں گے۔ ایس ایل پی ایل 2012ء میں 107 مقامی اور 56 غیرملکی کھلاڑیوں پر مشتمل 7 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے 13 کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ وطن عزیز سے سری لنکا جانے والے کھلاڑیوں میں شاہد آفریدی، عمر اکمل، مصباح الحق، شعیب ملک، سعید اجمل، عمر گل، عبدالرزاق، عمران نذیر، عمران فرحت، حماد اعظم، اظہر محمود، احمدشہزاد اور عبدالرحمٰن 6 ٹیموں کی نمائندگی کریں گے۔

ایس ایل پی ایل دراصل گزشتہ سال یعنی 2011ء میں منعقد ہوناتھی لیکن سری لنکا کرکٹ اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے درمیان چپقلش کے باعث اس کا انعقاد ایک سال کے لیے موخر کر دیا گیا۔ بھارت نے گزشتہ سال اپنے تمام کھلاڑیوں کو سری لنکن پریمیئر لیگ کھیلنے سے روک دیا تھا۔

بہرحال اب جبکہ تمام معاملات طے پا چکے ہیں لیگ چند روز میں شروع ہو جائے گی اور کرک نامہ کے قارئین کی دلچسپی کے لیے ہم پریمیئر لیگ میں شامل ٹیموں کا مختصر تعارف پیش کررہے ہیں اور ساتھ ساتھ یہ بھی بتائیں گے کہ ان میں کون کون سے غیرملکی اور پاکستانی کھلاڑی شامل ہیں۔

بسناہیرا کرکٹ ڈنڈی: اس ٹیم کی قیادت سری لنکا کی“ قومی ٹیم کے مایہ ناز افتتاحی بلے باز تلکارتنے دلشان کررہے ہیں۔ ان کے علاوہ اس ٹیم کے لئے سری لنکن کھلاڑی جیون مینڈس اور رنگاناہیراتھ کھیل رہے ہیں۔ غیرملکی کھلاڑیوں میں نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی اور آسٹریلیا کے بریڈ ہوج، ویسٹ انڈیز کے مارلون سیموئلز، جنوبی افریقہ کے یوہان بوتھا، آسٹریلیا کے ڈرک نینس، کیمرون بورگس اور کلنٹ میک کے شامل ہیں۔ اس ٹیم میں پاکستان سے تعلق رکھنے والا کوئی کھلاڑی شامل نہیں۔ ان کا پہلا میچ بروز ہفتہ 11 اگست کنڈوراتا واریئرز کے خلاف ہوگا۔

کنڈوراتا واریئرز: اس ٹیم کی قیادت موجودہ دور کے عظیم وکٹ کیپر بلے باز کمار سنگاکارا کررہے ہیں۔ ان کے علاوہ اس ٹیم کے لئے سری لنکا کے انتہائی باصلاحیت نوجوان آل راؤنڈرتھیسارا پیریرا، تھیلان سماراویرا اور تجربہ کار 43 سالہ سنتھ جے سوریا بھی کھیل رہے ہیں۔ اس ٹیم کے لئے جن غیر ملکی کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ان میں جنوبی افریقہ کے البے مورکل اور ڈین ویلاس، آسٹریلیا کے کرس لائن اور ایڈم ووگس شامل ہیں۔ ان کے علاوہ پاکستان کی طرف سے اس ٹیم کے لئے مصباح الحق، سعید اجمل اور سہیل تنویر کھیلیں گے۔یہ لائن اپ اس کو بہت مضبوط مضبوط ٹیم بنادیتی ہے اور بلاشبہ یہ لیگ ٹائٹل کی مضبوط امیدوار ہے۔ ان کا پہلا میچ بروز ہفتہ 11 اگست بسناہیرا کے خلاف ہوگا۔

ناگناہیراز ناگاس: اس ٹیم کی قیادت سری لنکا کی قومی ٹیم کے ایک اور باصلاحیت آل راؤنڈر انجیلو میتھیوز کر رہے ہیں۔ ان کے علاوہ اس ٹیم کے لئے سری لنکن کھلاڑی کھیل رہے ہیں جو قابل ذکر ہیں ان میں اجنتھا مینڈس، نووان کولاسیکرا اور سورج رندیو شامل ہیں۔ غیرملکی کھلاڑیوں میں آسٹریلیا کے ٹریوِس برٹ، مچل مارش، بنگلہ دیش کے مشفق الرحیم، ناصرحسین اور الیاس سنی جبکہ پاکستان کی طرف سے دھواں دار بلے بازی کے لئے مشہور افتتاحی بلے بازعمران نذیر اور احمد شہزاد شامل ہیں۔ ان کا پہلا میچ بروز ہفتہ 11 اگست کو سری لنکا پریمئر لیگ کا افتتاحی میچ روہونا رائلز کے خلاف ہوگا۔

روہونا رائلز: اس ٹیم کی قیادت سری لنکا قومی ٹیم کے تیز گیندباز لاستھ مالنگا کررہے ہیں۔ ان کے علاوہ اس ٹیم کے لئے قابل ذکر سری لنکن قومی ٹیم کے مالنگا بندرا اور چماراسلوا ہیں۔ اس ٹیم کے لئے جن غیر ملکی کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ان میں جنوبی افریقہ کے راین میک لارن اور رچرڈ لیوی، آسٹریلیا کے آرون فنچ، راین ہیرس، اور ڈینیل ہیرس، نیوزی لینڈ کے ناتھن میک کولم کے علاوہ سب سے اہم کھلاڑی پاکستان کے شاہد خان آفریدی ہیں۔ یہ ٹیم بھی سری لنکا پریمیئر لیگ کے ٹائٹل کی اہم امیدوار ہوگی۔ رائلز کا پہلا مقابلہ 11 اگست کو ناگاس کےخلاف ہوگا۔

ٹیم اوتھورا رودراس: اس ٹیم کی قیادت کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین اسپنر متیاہ مرلی دھرن کررہے ہیں۔ 40 سالہ عظیم اس عظیم گیند باز کے علانہ اس ٹیم میں سری لنکا کے چمارا کاپوگیدرا، فرویز مہاروف اور جیہان مبارک شامل ہیں۔ غیرملکی کھلاڑیوں میں ویسٹ انڈیز کے سیموئل بدری، فیڈل ایڈورڈز اور کیون کوپر، جنوبی افریقہ کے ڈیلون دو پریز اور ڈیوڈ ملر، زمبابوے کے برینڈن ٹیلراور پاکستان کے عمران فرحت شامل ہیں۔ دنیا کے بہترین آل راؤنڈرز میں شمار کیے جانے والے بنگلہ دیش کے شکیب الحسن بھی اس ٹیم کا حصہ تھے لیکن گھٹنے کی انجری نے انہیں لیگ سے باہر کردیا ہے۔ شکیب کا اچانک زخمی ہوجانا اوتھورا کے لیے ناقابل تلافی نقصان بن سکتا ہے۔ بہرحال، ٹیم کا پہلا میچ اتوار 12 اگست کو روہونا رائلز کے خلاف ہوگا۔

یووا نیکسٹ: اس ٹیم کی قیادت ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں دنیا کے بہترین بلے باز سمجھے جانے والے ویسٹ انڈیز کے کرس گیل کر رہے ہیں۔ ان کے علاوہ مقامی قابل ذکر کھلاڑیوں میں اوپل تھارنگا اور دلہارا فرنینڈو شامل ہیں۔ ٹیم کے لیے جن غیر ملکی کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ان میں آسٹریلیا کے کیلم فرگوسن اور اینڈریو میک ڈونلڈ، نیوزی لینڈ کے جیمز فرینکلن اور پاکستان کے عمر گل، عبد الرحمٰن، حماد اعظم اور شعیب ملک شامل ہیں۔ باؤلنگ میں عمر گل اور بیٹنگ میں کرس گیل جیسے پائے کے کھلاڑیوں کی موجودگی کے باعث یہ ٹیم لیگ ٹائٹل کے لیے مضبوط امیدواروں میں سے ایک ہے۔ نیکسٹ کا پہلا مقابلہ 12 اگست کو وایمبا کے خلاف ہوگا۔

وایمبا یونائیٹڈ: اس ٹیم کی قیادت سری لنکن قومی ٹیم کے موجودہ کپتان اور مایہ ناز بلے باز مہیلا جے وردھنے کررہے ہیں۔ اس ٹیم کے لئے دنیش چندیمال کے علاوہ سابق مشہور تیز گیندباز چمنداواس بھی کھیل رہے ہیں۔ غیر ملکی کھلاڑیوں میں آسٹریلیا کے جیمز فاکنر اور بریڈ ہوگ، جنوبی افریقہ کے کولن انگرام، ویسٹ انڈیز کے کیمار روچ اور بنگلہ دیش تمیم اقبال شامل ہیں جبکہ پاکستان کے نوجوان بلے باز عمراکمل اور ماضی قریب کی پاکستان کی بہترین آل راؤنڈر جوڑی اظہر محمود اور عبدالرزاق بھی شامل ہیں۔ ان کھلاڑیوں کی موجودگی سے یہ ٹیم بھی لیگ کی مضبوط ترین ٹیموں میں شمار ہو رہی ہے۔ یونائیٹڈ کا پہلا میچ 12 اگست کو وایمبا یونائیٹڈ کےخلاف ہوگا۔

راؤنڈ رابن طرز پر کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ میں کا باضابطہ آغاز 11 اگست کو ناگناہیراز ناگاس اور روہونا رائلز کے درمیان مقابلے سے ہوگا جو کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے دوران ہر ٹیم ایک دوسرے کے خلاف دو، دو میچز کھیلے گی یوں سب ٹیموں کو 12 میچز کھیلنے کا موقع ملے گا۔

پہلے راؤنڈ کے اختتام پر سرفہرست چار ٹیمیں سیمی فائنل کی حقدار قرار پائیں گی۔ سیمی فائنل 28 اور 29 اگست کو جبکہ فائنل 31 اگست کو پریماداسا اسٹیڈیم کولمبو میں ہوں گے۔