پی سی بی کا 17 خواتین کرکٹرز کے ساتھ مرکزی معاہدوں کا اعلان

2 1,016

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سال 2012ء کے لیے 17 خاتون کرکٹرز کے ساتھ مرکزی معاہدوں (سینٹرل کانٹریکٹس) کا اعلان کر دیا ہے۔ گزشتہ سال پی سی بی نے 19 خواتین کو مرکزی معاہدوں سے نوازا تھا لیکن اس سال یہ تعداد کم کر کے 17 کر دی گئی ہے۔ اسماویہ اقبال، ثانیہ اقبال خان اور مریم حسن شاہ پہلی بار مرکزی معاہدوں کی فہرست میں شامل ہوئی ہیں جبکہ کائنات امتیاز، فریال اعوان، اریب شمیم اور معصومہ جنید کو معاہدے سے محروم کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ سال پہلی بار خواتین کرکٹرز کے ساتھ بھی مرکزی معاہدے کیے گئے تھے (تصویر: Getty Images)
گزشتہ سال پہلی بار خواتین کرکٹرز کے ساتھ بھی مرکزی معاہدے کیے گئے تھے (تصویر: Getty Images)

تیز گیند باز قانطہ جلیل، جو گزشتہ سال زمرہ دوئم میں تھیں، اس سال ترقی پا کر زمرہ اول میں آ گئی ہیں، جبکہ ثانیہ اقبال کو زمرہ سوئم میں شامل کیا گیا ہے۔ وہ ایشین گیمز 2010ء کے دوران زخمی ہونے کے باعث گزشتہ سال معاہدے سے محروم ہو گئی تھیں۔

دورۂ آئرلینڈ و انگلستان کے لیے ٹیم میں شامل ایلزبتھ خان اور معصومہ جنید وہ اہم کھلاڑی ہیں جنہیں اِس سال فہرست میں شامل نہیں کیا گیا۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم 18 اگست سے آئرلینڈ کا دورہ کر رہی ہے، جہاں وہ سہ فریقی ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی جس میں میزبان کے علاوہ تیسری ٹیم بنگلہ دیش کی ہوگی۔ جس کےبعد ٹیم 7 ٹی ٹوئنٹی مقابلے کھیلنے کے لیے انگلستان روانہ ہوگی جو میزبان انگلستان کی قومی ٹیم کے علاوہ انڈر 19 اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشین گیمز 2010ء میں سونے کا تمغہ جیتنے کے بعد گزشتہ سال پہلی بار خواتین کرکٹرز کو بھی مرکزی معاہدوں سے نوازا تھا تاکہ خواتین کرکٹرز کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔

مرکزی معاہدے پر دستخط کرنے والی خواتین کرکٹرز کی فہرست:

زمرہ اول:

بسمہ معروف، ثناء میر، جویریہ ودود، سعدیہ یوسف، قانطہ جلیل اور نین عابدی۔

زمرہ دوئم:

اسماویہ اقبال، بتول فاطمہ، رابعہ شاہ، مرینہ اقبال اور ندا ڈار۔

زمرہ سوئم:

ثانیہ اقبال خان، ثناء گلزار، سدرا امین، مریم حسن شاہ، ناہیدہ خان اور نمرہ عمران۔