’دنیا کا تیز ترین آدمی‘ یوسین بولٹ کرکٹ کے میدانوں میں؟

0 1,026

مسلسل دوسری مرتبہ ’دنیا کے تیز ترین‘ آدمی کا خطاب حاصل کرنے والے جمیکا کے یوسین بولٹ کا اعلیٰ سطح پر کرکٹ کھیلنے کا خواب شرمندۂ تعبیر ہو سکتا ہے۔

اولمپک 2012ء میں تین سونے کے تمغے جیتنے والے یوسین بولٹ عظیم کھلاڑیوں کی سرزمین جمیکا سے تعلق رکھتے ہیں (تصویر: Phil Hillyard)
اولمپک 2012ء میں تین سونے کے تمغے جیتنے والے یوسین بولٹ عظیم کھلاڑیوں کی سرزمین جمیکا سے تعلق رکھتے ہیں (تصویر: Phil Hillyard)

گزشتہ روز برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں اختتام پذیر ہونے والے گرمائی اولمپکس میں 3 سونے کے تمغے جیتنے والے اس عظیم کھلاڑی کا کرکٹ سے لگاؤ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں۔ دو سال قبل برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کو دیا گیا انٹرویو اس محبت کا عکاس ہے جو بولٹ کرکٹ کے ساتھ رکھتے ہیں۔ انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ انہیں بچپن میں پاکستانی کرکٹ ٹیم سے زبردست لگاؤ تھا، جس کی وجہ اس کے شہرۂ آفاق تیز گیند باز تھے۔ یہی وجہ ہے کہ وقار یونس ان کے بچپن کے ہیرو تھے۔ وہ تو جب بڑے ہوئے تو انہیں احساس ہوا کہ انہیں کسی اور کی نہیں بلکہ اپنے ملک کی ٹیم کی حمایت کرنی چاہیے۔ بہرحال، اب انہیں شعلہ فشاں بلے باز کرس گیل پسند ہیں۔ 2009ء میں ایک نمائشی میچ میں بولٹ کرس گیل کو بولڈ بھی کر چکے ہیں۔

بہرحال، اب جبکہ بولٹ کی شہرت آسمان کی بلندیوں کو چھو رہی ہے، اور بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے سربراہ ژاک روگ تک انہیں دوڑ کے مقابلوں کا لیجنڈ کھلاڑی قرار دے چکے ہیں، آسٹریلیا کی بگ بیش ٹی ٹوئنٹی لیگ خصوصاً ملبورن اسٹارز فرنچائز اس کا فائدہ اٹھانا چاہتی ہے اور اس سلسلے میں وہ عظیم اسپنر شین وارن کے ذریعے بولٹ سے رابطے میں ہے اور ممکنہ طور پر رواں سال عظیم اسپرنٹر ملبورن اسٹارز کی جانب سے کوئی مقابلہ کھیل سکتے ہیں۔

گو کہ یوسین بولٹ فرسٹ کلاس سطح تک کرکٹ نہیں کھیل پائے اور جونیئر لیول کی کرکٹ کھیلنے کے بعد دوڑ کی جانب منتقل ہو گئے لیکن اس وقت ان کی کرشماتی شخصیت بڑے پیمانے پر شائقین کو میدان میں کھینچ لا سکتی ہیں۔

آسٹریلیا کے چینل نائن سے گفتگو کرتے ہوئے یوسین بولٹ نے کہا کہ ”وارن نے مجھ سے رابطہ کیا اور پوچھا کہ اگر میں سنجیدہ ہوں تو اس معاملے کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔میرا کہناتھا کہ اگر مجھے ان دنوں میں وقت ملا تو میں کوشش کروں گا۔“

کرکٹ کے عظیم کھلاڑیوں سر فرینک وورل، مائیکل ہولڈنگ، کورٹنی واش اور کرس گیل کی جنم بھومی جمیکا سے تعلق رکھنے والے یوسین بولٹ کا کہنا تھا کہ ”مجھے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ بہت پسند ہے، کیونکہ ایک تو یہ بہت دلچسپ ہے، دوسرا اس میں معاملہ شاٹس کھیلنے کا نہیں ہوتا بلکہ صرف جارح مزاجی کا ہوتا ہے جو مجھے پسند ہے۔ اگر مجھے موقع ملا تو میں بلاشبہ کوشش کروں گا کیونکہ یہ بڑا مزیدار مرحلہ ہوگا۔ مجھے نہیں معلوم کہ میری کرکٹ کتنی اچھی ہے، بہرحال مجھے کافی مشق کرنا ہوگی۔“

بولٹ اپنے ہم وطن کرس گیل کے بڑے مداح ہیں (تصویر: PA Photos)
بولٹ اپنے ہم وطن کرس گیل کے بڑے مداح ہیں (تصویر: PA Photos)

ملبورن اسٹارز کے کپتان شین وارن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک مہم چلا رکھی ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ وہ "یوسین بولٹ 2012ء میں ملبورن اسٹارز کی جانب سے ایک 20/20 مقابلہ کھیلنا چاہیں گے"۔ شین وارن کو اس مہم میں نہ صرف دنیا بھر کے کرکٹ شائقین اور یوسین بولٹ کے پرستاروں کا ساتھ ملا بلکہ آسٹریلیا سے تعلق رکھنےوالے ہالی ووڈ کے سپر اسٹار اداکار رسل کرو نے بھی ٹوئٹ کیا کہ "یوسین بولٹ ملبورن اسٹارز کی جانب سے کرکٹ کھیل رہے ہیں؟ وارن یہ شاندار نظارہ ہوگا؟ اگر ایک معمولی میڈیم پیس گیند باز کی ضرورت ہو تو مجھے بتانا۔"

رواں سال بگ بیش لیگ 7 دسمبر کو شروع ہوگی جس میں آسٹریلیا کی 8 فرنچائزز حصہ لیں گی۔ ملبورن اسٹارز میں شین وارن کے علاوہ ڈیوڈ ہسی،بریڈ ہوج اور جیمز پیٹن سن جیسے معروف آسٹریلوی کھلاڑی شامل ہیں۔