پاکستان کے خلاف ایک روزہ سیریز، کریگ میکڈرمٹ کے صاحبزادے شامل

0 1,058

آسٹریلیا نے ماضی کے عظیم گیند باز کریگ میکڈرمٹ کے صاحبزادے ایلسٹر میکڈرمٹ کو پاکستان کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کر لیا ہے جبکہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء کے لیے اسی 15 رکنی دستے کا اعلان کیا ہے جو اگلےماہ کے اوائل میں پاکستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گا۔ 28 اگست سے متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں شروع ہونے والی اس سیریز کے لیے آسٹریلیا کے اعلان کردہ دستے میں میکڈرمٹ کو کلنٹ میک کے کی جگہ دی گئی ہے جو گزشتہ ہفتے ڈارون میں آسٹریلیا کے تربیتی کیمپ کے دوران ہمسٹرنگ انجری کا شکار ہو گئے تھے۔

ایلسٹر میکڈرمٹ ماضی کے عظیم آسٹریلین باؤلر کریگ میکڈرمٹ کے صاحبزادے ہیں (تصویر: Getty Images)
ایلسٹر میکڈرمٹ ماضی کے عظیم آسٹریلین باؤلر کریگ میکڈرمٹ کے صاحبزادے ہیں (تصویر: Getty Images)

گو کہ میک کے کا پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی مرحلے کے لیے کھیلنا اب بھی یقینی نہیں تاہم انہیں آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے 15 رکنی دستے میں برقرار رکھا گیا ہے جو ستمبر کے وسط میں سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔ میک کے رواں سال اب تک کھیلے گئے ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں آسٹریلیا کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر ہیں اور ان کی عدم شمولیت پاکستان کے لیے سکھ کا سانس ہوگی۔

آسٹریلیا کے فزیوتھراپسٹ ایلکس کونتورس کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے کے بعد ان کی انجری کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا جس کی بنیاد پر پاکستان کے خلاف سیریز کے ٹی ٹوئنٹی مرحلے کے لیے ان کی دستیابی یا عدم دستیابی کا حتمی فیصلہ ہوگا۔

تین مقابلوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز 5 ستمبر سے دبئی میں شروع ہوگی جبکہ اس سے قبل تین ایک روزہ مقابلے دبئی اور شارجہ میں کھیلے جائیں گے۔ 21 سالہ میکڈرمٹ کو اگر ان مقابلوں میں کھیلے تو وہ شان مارش، مچل مارش اور بین لاؤلن کے بعد چوتھے آسٹریلوی کھلاڑی ہوں گے جنہیں اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے آسٹریلیا کی نمائندگی کا موقع ملا۔

آسٹریلیا کی جانب سے 71 ٹیسٹ اور 138 ایک روزہ مقابلے کھیلنے والے ان کے والد کریگ میکڈرمٹ رواں سال مئی کے مہینے تک آسٹریلیا کے باؤلنگ کوچ بھی تھے۔ اب صاحبزادے ایلسٹر بھی بھرپور فارم میں ہیں جنہوں نے گزشتہ سیزن میں ریوبی کپ میں 18.87 کے اوسط سے 16 کھلاڑیوں کو شکار بنایا ہے۔

دوسری جانب آسٹریلیا نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے بھی اپنے 15 رکنی دستے کا اعلان کر دیا ہے جس میں وہی کھلاڑی شامل ہیں جنہیں متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی مرحلے میں کھیلنا ہے۔ حیران کن طور پر پاکستان ہی کی طرح آسٹریلیا کا دستہ بھی چند آزمائے گئے اور پرانے کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جن میں 41 سالہ بریڈ ہوگ اور 'مسٹر کرکٹ' مائیکل ہسی بھی شامل ہیں۔

بریڈ ہیڈن، جنہوں نے گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا، کی جگہ اب میتھیو ویڈ اپنا مقام مزید مضبوط کر رہے ہیں اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیسے اہم ٹورنامنٹ میں وکٹوں کے پیچھے فرائض انجام دیں گے۔

پاکستان کے خلاف ایک روزہ سیریزکے لیے آسٹریلیا کا دستہ:

مائیکل کلارک (کپتان)، اسٹیون اسمتھ، جارج بیلے، جیمز پیٹن سن، ڈینیل کرسچن، ڈیوڈ وارنر، ڈیوڈ ہسی، زاویئر ڈوہرٹی، کلنٹ میک کے، کیلم فرگوسن، گلین میکس ویل، مائیکل اسٹارک، مائیکل ہسی، مچل جانسن اور میتھیو ویڈ۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء کے لیے اعلان کردہ آسٹریلیا کا دستہ:

جارج بیلے (کپتان)، بریڈ ہوگ، بین ہلفناس، پیٹ کمنز، زاویئر ڈوہرٹی، ڈینیل کرسچن، ڈیوڈ وارنر، ڈیوڈ ہسی، شین واٹسن، کلنٹ میک کے، کیمرون وائٹ، گلین میکس ویل، مائیکل ہسی، مچل اسٹارک اور میتھیو ویڈ۔