ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء: وارم اپ مقابلوں کا اعلان، پاکستان و بھارت آمنے سامنے

2 1,008

سال کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء سے قبل ٹیموں کو تیاری کا بھرپور موقع دینے کے لیے بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے وارم اپ مقابلوں کا اعلان کر دیا ہے جس میں ایک پاک-بھارت میچ بھی شامل ہے۔

کرک نامہ کو آئی سی سی کی جانب سے موصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق اب چوتھے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے آغاز میں صرف ایک مہینہ رہ گیا ہے، جو 18 سے 26 ستمبر تک کولمبو، ہمبنٹوٹا اور پالی کیلے میں کھیلا جائے گا۔ جبکہ عورتوں کے مقابلے گال میں ہوں گے۔ البتہ آج اعلان کردہ تمام وارم اپ مقابلے 13 سے 17 تاریخ کے دوران کولمبو میں کھیلے جائیں گے۔

میزبان سری لنکا 13 اور 15 ستمبر کو ویسٹ انڈیز اور بھارت کے خلاف میچز کھیلے گا جبکہ دفاعی چیمپئن انگلستان 17 اور 19 ستمبر کو بالترتیب آسٹریلیا اور پاکستان کے مدمقابل ہوگا۔

ٹورنامنٹ کے باضابطہ آغاز سے قبل ایک شاندار مقابلہ ایشیا کے روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان 17 ستمبر بروز پیر پریماداسا اسٹیڈیم کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ سری لنکا کے معیاری وقت کے مطابق دوپہر2 بجے شروع ہوگا اور وارم اپ میچز کے سلسلے کا واحد مقابلہ ہوگا جسے بین الاقوامی کرکٹ کونسل کا شراکت دار ای ایس پی این اسٹار اسپورٹس براہ راست نشر کرے گا۔

یوں ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیمیں دو، دو وارم اپ میچز کھیلنے کے بعد باضابطہ ٹورنامنٹ کھیلیں گی۔

دریں اثناء آئی سی سی نے اس اہم ایونٹ سے قبل سرگرمیوں کا شیڈول بھی جاری کیا ہے۔ ان سرگرمیوں کا آغاز 10 ستمبر کو ذرائع ابلاغ کے لیے خصوصی کانفرنس سے ہوگا جس کے بعد 14 ستمبر کو آئی سی سی ہال آف فیم استقبالیہ ہوگا جس میں آئی سی سی کے صدر ایلن آئزک اور چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن ہال میں شامل عظیم کھلاڑیوں کے ناموں اور سال کی آئی سی سی ون ڈے ٹیم کا اعلان کریں گے۔

15 ستمبر کو کرکٹ کی تاریخ کے آسکرز "آئی سی سی ایوارڈز" منعقد ہوں گے جس میں سال کے بہترین کھلاڑی، ٹیسٹ، ایک روزہ، امپائر اور دیگر اعلیٰ اعزازات کے فاتحین کا اعلان ہوگا۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء وارم اپ میچز کا شیڈول (برائے حضرات)

تاریخ بمقابلہ بوقت بمقام
13 ستمبر سری لنکا بمقابلہ زمبابوے ساڑھے 9 بجے صبح مورس کرکٹ گراؤنڈ، کولمبو
13 ستمبر سری لنکا بمقابلہ ویسٹ انڈیز ساڑھے 9 بجے صبح این سی سی، کولمبو
15 ستمبر افغانستان بمقابلہ سری لنکا 'اے' ساڑھے 9 بجے صبح مورس کرکٹ گراؤنڈ، کولمبو
15 ستمبر آسٹریلیا بمقابلہ نیوزی لینڈ ساڑھے 9 بجے صبح این سی سی، کولمبو
15 ستمبر بنگلہ دیش بمقابلہ زمبابوے ساڑھے 9 بجے صبح کولٹس کرکٹ گراؤنڈ، کولمبو
15 ستمبر بھارت بمقابلہ سری لنکا ساڑھے 9 بجے صبح پیکیاسوٹھی سروانامتو اوول، کولمبو
17 ستمبر آسٹریلیا بمقابلہ انگلستان ساڑھے 9 بجے صبح این سی سی، کولمبو
17 ستمبر بنگلہ دیش بمقابلہ آئرلینڈ ساڑھے 9 بجے صبح مورس کرکٹ گراؤنڈ، کولمبو
17 ستمبر نیوزی لینڈ بمقابلہ جنوبی افریقہ ساڑھے 9 بجے صبح کولٹس کرکٹ گراؤنڈ، کولمبو
17 ستمبر افغانستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز 2 بجے دوپہر پیکیاسوٹھی سروانامتو اوول، کولمبو
17 ستمبر پاکستان بمقابلہ بھارت 2 بجے دوپہر پریماداسا اسٹیڈیم، کولمبو
19 ستمبر پاکستان بمقابلہ انگلستان ساڑھے 9 بجے صبح پیکیاسوٹھی سروانامتو اوول، کولمبو