جنوبی افریقہ ٹیسٹ کا نیا عالمی نمبر ایک بن گیا

0 1,014

جنوبی افریقہ نے انگلستان کو اسی کی سرزمین پر 2-0 کی تاریخی شکست سے دوچار کرتے ہوئے میزبان کی دنیائے کرکٹ پر ایک سالہ حکمرانی کا خاتمہ کر دیا اور اب خود ٹیسٹ کی درجہ بندی کا نمبر ایک ملک بن چکا ہے۔

جنوبی افریقہ 3 سال کے بعد پہلی بار ٹیسٹ میں نمبر ایک پوزیشن پر قابض ہوا ہے (تصویر: Getty Images)
جنوبی افریقہ 3 سال کے بعد پہلی بار ٹیسٹ میں نمبر ایک پوزیشن پر قابض ہوا ہے (تصویر: Getty Images)

لارڈز کے تاریخی میدان میں پیر کے روز مکمل ہونے والے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 51 رنز سے فتح سمیٹی اور درجہ بندی میں انگلستان پر برتری پاتے ہوئے تیسرے سے پہلے نمبر آ چکا ہے۔ یہ شکست انگلستان اور آسٹریلیا کی ایک، ایک درجہ تنزلی کا سبب بنی ہے جن میں سے اول الذکر 117 پوائنٹس کے دوسرے اور آخر الذکر 116 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے کرک نامہ کو موصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق انگلستان نے اگست 2011ء میں اُس وقت کے عالمی نمبر ایک بھارت کے خلاف 4-0 سے یادگار سیریز فتح حاصل کر کے عالمی نمبر ایک پوزیشن حاصل کی تھی اور ایک ہی سال بعد انہی میدانوں پر جنوبی افریقہ کے ہاتھوں اس کی بادشاہی کا خاتمہ ہو گیا۔ یہ نومبر 2009ء کے بعد پہلا موقع ہے کہ جنوبی افریقہ درجہ بندی میں سرفہرست آیا ہے۔

لارڈز میں فتح کے بعد آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے ٹیسٹ عالمی نمبر ایک کے لیے گرز نما خصوصی ٹرافی جنوبی افریقہ کو پیش کی۔ اس تقریب میں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیئرمین جائلز کلارک، چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ کولیئرز، کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو ژاک فال اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

تازہ ترین عالمی درجہ بندی کے مطابق سرفہرست جنوبی افریقہ، انگلستان اور آسٹریلیا کے بعد پاکستان چوتھے جبکہ بھارت اور سری لنکا پانچویں و چھٹے نمبر پر ہیں۔ ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش فہرست میں سب سے آخر میں ہیں۔