’نمبر ایک کی جنگ‘ پہلے محاذ کو بارش نے ٹھنڈا کر دیا

0 1,029

انگلستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ایک کانٹے دار ٹیسٹ سیریز کے بعد جیسے ہی "نمبر ایک کا مقابلہ" محدود اوورز کے مزید دلچسپ مرحلے میں پہنچا، بارش "رنگ میں بھنگ" ڈالنے کے لیے پہنچ گئی اور کارڈف میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ مقابلے کا خاتمہ کر ڈالا۔ صوفیہ گارڈنز میں ہونے والے پہلے معرکے میں صرف 33 گیندوں کا کھیل ممکن ہو سکا۔

مورنے مورکل کے ایک ہی اوور میں این بیل کے دو چھکے میچ کی واحد قابل ذکر جھلک رہے (تصویر: Getty Images)
مورنے مورکل کے ایک ہی اوور میں این بیل کے دو چھکے میچ کی واحد قابل ذکر جھلک رہے (تصویر: Getty Images)

صبح دن کے آغاز کے ساتھ ہی بارش نے میدان کو ایسا آ لیا کہ کافی دیر کے بعد 38 اوورز فی اننگز کا کھیل ہی ممکن رہ پایا لیکن ابھی کھیل کا آغاز ہی نہ ہوا تھا کہ بارش ایک مرتبہ لوٹ آئی اور دوپہر 3 بجے تک کھیل ممکن نہ ہو پایا اور بالآخر امپائروں نے مقابلے کو 23 اوورز فی اننگز تک محدود کیا۔ ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ نے انگلستان کو بلے بازی کی دعوت دی جس نے ابتدائی تین اوورز تک جدوجہد کے بعد براہ راست پانچواں گیئر پکڑا اور لونوابو سوٹسوبے کے اوور میں 12 رنز لوٹے جبکہ اگلے اوور میں این بیل نے مورنے مورکل کو دو کرارے چھکے رسید کر کے دن بھر کے انتظار کے مارے تماشائیوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیریں لیکن یہ سب عارضی ثابت ہوا کیونکہ اگلے اوور کے دوران بارش ایک مرتبہ پھر میدان کو گھیر چکی تھی اور اس کے بعد دوبارہ کھیل ممکن نہ ہو پایا۔

بہرحال، اس بارش نے انگلستان کی نمبر ایک پوزیشن تو بچا ہی لی جو اس نے حالیہ سالانہ اپ ڈیٹ کے نتیجے میں حاصل کی ہے کیونکہ اگر کارڈف میں انگلستان کو شکست ہو جاتی تو جنوبی افریقہ فوری طور پر نمبر ایک بن جاتا لیکن اب اسے کچھ دیر اور انتظار کرنا پڑے گا اورمزید جان لڑانا ہوگی۔ جنوبی افریقہ نے گزشتہ سوموار کو لارڈز میں انگلستان سے ٹیسٹ کی عالمی نمبر ایک پوزیشن چھینی ہے جبکہ وہ ٹی ٹوئنٹی میں پہلے ہی سرفہرست ٹیم ہے۔ یوں اگر وہ جاری ایک روزہ سیریز 3-2 سے جیت جاتا ہے تو وہ تاریخ کی پہلی ٹیم بن جائے گا جسے تینوں طرز کی کرکٹ میں نمبر ایک بننے کا اعزاز حاصل ہوگا۔

اب دونوں ٹیمیں منگل کو ساؤتھمپٹن میں دوسرے ایک روزہ مقابلے میں آمنے سامنے ہوں گی۔