محمد حفیظ ایک روزہ کے نمبر ایک باؤلر بن گئے

1 1,232

پاکستان کے اوپننگ آل راؤنڈر محمد حفیظ نے 2011ء میں کیلنڈر ایئر میں ایک ہزار رنز بنانے کا کارنامہ انجام دیا اور پاکستان کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا اور رواں سال انہوں نے گیند بازی میں مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرنے کے بعد بالآخر اک ایسا کارنامہ انجام دے ڈالا ہے جو بہت کم پاکستانی باؤلرز کر پائے ہیں یعنی کہ درجہ بندی میں سرفہرست پوزیشن حاصل کرنا۔

محمد حفیظ پاکستان کے ان گنے چنے باؤلرز میں شامل ہو چکے ہیں جنہوں نے نمبر ایک پوزیشن حاصل کی (تصویر: AFP)
محمد حفیظ پاکستان کے ان گنے چنے باؤلرز میں شامل ہو چکے ہیں جنہوں نے نمبر ایک پوزیشن حاصل کی (تصویر: AFP)

پیر کو آسٹریلیا-افغانستان ایک روزہ مقابلے کے بعد تازہ تر کی جانے والی درجہ بندی میں محمد حفیظ جنوبی افریقہ کے لونوابو سوٹسوبے سے سرفہرست پوزیشن چھیننے میں کامیاب ہو گئے ہیں کیونکہ 24 اگست کو کارڈف میں ہونے والا انگلستان جنوبی افریقہ مقابلے بارش کی نذر ہو گیا تھا جس کی وجہ سے سوٹسوبے کے کچھ پوائنٹس منہا ہو گئے ہیں۔ اس وجہ سے محمد حفیظ آگے نکل گئے ہیں اور نمبر ون پوزیشن پر قابض ہو گئے ہیں۔

کرک نامہ کو موصول ہونے والے آئی سی سی کے اعلامیہ کے مطابق اب سوٹسوبے دو پوائنٹس سے حفیظ کا تعاقب کر رہے ہیں اور دونوں کے درمیان سرفہرست پوزیشن کے لیے دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملے گا کیونکہ جنوبی افریقہ اس وقت انگلستان میں موجود ہے اور ایک روزہ سیریز کھیل رہا ہے جبکہ پاکستان بھی آسٹریلیا کا سامناکرنے کے لیے متحدہ عرب امارات پہنچ چکا ہے جہاں کل سے 3 ایک روزہ مقابلوں کی سیریز شروع ہو رہی ہے۔

تازہ ترین درجہ بندی میں گیند بازوں میں پاکستان کے سعید اجمل بدستور تیسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ سرفہرست 10 میں بنگلہ دیش کے عبد الرزاق کی شمولیت ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ ٹاپ ٹین میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی۔

دوسری جانب سرفہرست 10 میں بلے بازوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ اول نمبر پر جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ کا قبضہ برقرار ہے جن کے تعاقب میں بھارت کے ویراٹ کوہلی اور ہاشم کے ہم وطن ابراہم ڈی ولیئرز ہیں۔

ایک روزہ کی تازہ ترین مکمل درجہ بندی آپ کرک نامہ کے اس خصوصی صفحے پر ملاحظہ کر سکتے ہیں۔