واپسی کے بعد یووراج کا پہلا مقابلہ بارش کی نذر

0 1,029

سرطان سے جنگ جیتنے والے یووراج سنگھ کو ایک مرتبہ پھر کرکٹ کے میدانوں میں دیکھنے کے خواہشمند ہزاروں افراد اس وقت مایوسی سے اپنے قدموں لوٹ گئے جب جنوب مشرقی بھارت کے شہر وشاکھاپٹنم میں مون سون کی بارشوں نے بھارت-نیوزی لینڈ پہلے ٹی ٹوئنٹی مقابلے کا خاتمہ کر ڈالا۔

تماشائی "یووراج کی واپسی" کے شدت سے منتظر رہے اور نامراد ہی لوٹے (تصویر: AP)
تماشائی "یووراج کی واپسی" کے شدت سے منتظر رہے اور نامراد ہی لوٹے (تصویر: AP)

شہر کے ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی اسٹیڈیم میں ہونے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی مقابلے کی سب سے خاص بات گزشتہ عالمی کپ میں ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پانے والے یووراج سنگھ کی ایک مرتبہ پھر کرکٹ میں واپسی تھی۔ انہوں نے آخری مرتبہ نومبر 2011ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کولکتہ ٹیسٹ میں ملک کی نمائندگی کی تھی۔ سینے کی تکلیف کے باعث ان فٹ ہو جانے والے 'یووی' رواں سال فروری میں سرطان کے مریض قرار پائے تھے اور اس کے بعد علاج کے سلسلے میں امریکہ میں مقیم رہے۔ جہاں ایک ماہ بعد ان کی کیموتھراپی مکمل ہوئی اور پھر وطن واپس آ کر انہوں نے آہستہ آہستہ ایک مرتبہ پھر کرکٹ کے میدانوں کا رخ کرنا شروع کیا اور گزشتہ ماہ بھارت نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے اعلان کردہ حتمی دستے میں بھی ان کا نام شامل کیا اور اب انہیں اس اہم ٹورنامنٹ سے قبل نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں ثابت کرنا ہے کہ سرطان کو جنگ ہرانے والے یووراج میں اب بھی پرانا دم خم باقی ہے۔

بہرحال، وشاکھاپٹنم میں مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے طے شدہ میچ موسلادھار بارش کے باعث شروع نہ ہو سکا اور بالآخر ڈیڑھ گھنٹے بعد اس کے خاتمے کا اعلان کر دیا گیا۔

پہلے ٹی ٹوئنٹی سے قبل نیوزی لینڈ کے دورۂ بھارت میں حیدرآباد اور بنگلور میں ہونے والے دونوں ٹیسٹ مقابلے بھی بارش سے متاثر ہو چکے ہیں،لیکن وہ نتیجے پر اثر انداز نہ ہو پائےاور دونوں مقابلے میزبان بھارت کے نام رہے۔

اب دونوں ٹیمیں جمعرات کو دوسرے و حتمی ٹی ٹوئنٹی مقابلے کے لیے چنئی روانہ ہوں گی۔ اگر بارش نے چنئی میں بھی میدانوں کا رخ کر لیا تو دونوں ٹیمیں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء سے قبل انتہائی ضروری مشق سے محروم ہو جائیں گی۔ سال کے اس اہم ترین ٹورنامنٹ کا آغاز 18 ستمبر کو سری لنکا میں ہو رہا ہے۔