[ریکارڈز] ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میں بہترین بلے بازی کا نیا ریکارڈ

0 1,047

کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ بہت زیادہ طویل نہیں اور کیونکہ اس میں ایک اننگز ہی صرف 20 اوورز تک محدود ہوتی ہے اس لیے انفرادی سنچریاں شاذ و نادر ہی بنتی ہیں۔ ظاہر سی بات ہے جب پوری اننگز ہی 120 گیندوں پر مشتمل ہوتو اس میں کسی بلے باز کا انفرادی سطح پر تہرے ہندسے میں پہنچنا ایک کارنامہ ہی ہوگا اور حیران کن طور پر نیوزی لینڈ کے برینڈن میک کولم نے دوسری مرتبہ یہ کارنامہ انجام دے ڈالا ہے۔ انہوں نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء میں بنگلہ دیش کے خلاف گروپ مقابلے میں محض 58 گیندو ں پر 123 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹی ٹوئنٹی تاریخ کی سب سے طویل اننگز کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ ان کی اس طوفانی اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ کا مجموعہ 191 رنز تک پہنچا۔ میک کولم کل 72 منٹ تک کریز پر موجود رہے اور 7 چھکے اور 11 چوکے لگائے۔

برینڈن میک کولم واحد بلے باز ہیں جنہوں نے دوسری ٹی ٹوئنٹی سنچری بنا رکھی ہے (تصویر: AP)
برینڈن میک کولم واحد بلے باز ہیں جنہوں نے دوسری ٹی ٹوئنٹی سنچری بنا رکھی ہے (تصویر: AP)

یوں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء کا آغاز یکطرفہ مقابلوں اور ریکارڈ توڑ انفرادی کارکردگیوں سے ہوا ہے۔ سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان افتتاحی مقابلے میں اجنتھا مینڈس نے بہترین انفرادی باؤلنگ کا ریکارڈ قائم کیا تھا اور آج میک کولم نے بہترین انفرادی بلے بازی کا ریکارڈ توڑ ڈالا۔

میک کولم اس سے قبل فروری 2010ء میں آسٹریلیا کے خلاف کرائسٹ چرچ میں 116 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل چکے ہیں۔ یہ اننگز بھی محض 56 گیندوں پر مشتمل تھی۔ یعنی میک کولم کی دونوں ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی سنچریوں کا اسٹرائیک ریٹ 200 سے زیادہ ہی رہا۔ مذکورہ اننگز میں انہوں نے 8 چھکے اور 12 چوکے لگائے تھے۔ اس سے حریف گیند بازوں کے ساتھ ان کے بے رحمانہ سلوک کا اندازہ ہوتا ہے کہ جب ان کا بلا آگ اگلنا شروع ہو جائے تو پھر دنیا کی کوئی قوت ان کو روک نہیں سکتی۔ حال ہی میں وہ بھارت میں کھیلی گئی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 91 رنز بنا کر نیوزی لینڈ کی فتح میں کلیدی کردار ادا کر چکے ہیں۔

بین الاقوامی سطح پر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اب تک 7 بلے بازوں کو سنچری بنانے کا اعزاز حاصل ہے جس میں سری لنکا کے دو اور نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، بھارت اور اسکاٹ لینڈ کا ایک، ایک بلے باز شامل ہے۔

تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بدستور جنوبی افریقہ کے رچرڈ لیوی کے پاس ہے، جو میک کولم کی آج کی باری سے قبل سب سے طویل اننگز بھی تھی۔ انہوں نے فروری 2012ء میں ہملٹن میں نیوزی لینڈ کے خلاف صرف 45 گیندوں پر سنچری مکمل کرنے کے بعد کل 51 گیندوں پر 117 رنز بنائے تھے۔ 13 چھکوں اور 5 چوکوں سے مزین اس اننگز کو بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے چند روز قبل آئی سی سی ایوارڈز 2012ء میں سال کی بہترین ٹی ٹوئنٹی کارکردگی بھی قرار دیا۔

علاوہ ازیں ٹی ٹوئنٹی طرز کی پہلی بین الاقوامی سنچری کا ذکر بھی یہاں دلچسپی سے خالی نہيں ہوگا۔ ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے 2007ء کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقہ کے خلاف 57 گیندوں پر 10 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 117 رنز بنائے تھے۔ گو کہ وہ ایک قابل دید اننگز تھی لیکن اس کی بدولت205 رنز بنانے کے باوجود ویسٹ انڈیز فتح حاصل نہ کر سکا کیونکہ جنوبی افریقہ نے ہرشل گبز کے 90 اور جسٹن کیمپ کے 46 رنز کی بدولت ہدف 18 ویں اوور ہی میں حاصل کر لیا تھا۔

خیر، ہم قارئین کی دلچسپی کے لیے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بنائی گئی تمام سنچریوں کے اعداد و شمار پیش کررہے ہیں۔ امید ہے معلومات میں اضافے کا باعث بنیں گے:

ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سنچریاں بنانے والے بلے باز

بلے باز ملک رنز گیندیں چوکے چھکے اسٹرائیک ریٹ بمقابلہ میدان بتاریخ
برینڈن میک کولم نیوزی لینڈ 123 58 11 7 212.06 بنگلہ دیش پالی کیلے 21 ستمبر 2012ء
رچرڈ لیوی جنوبی افریقہ 117* 51 5 13 229.41 نیوزی لینڈ ہملٹن 19 فروری 2010ء
کرس گیل ویسٹ انڈیز 117 57 7 10 205.26 جنوبی افریقہ جوہانسبرگ 11 ستمبر 2007ء
برینڈن میک کولم نیوزی لینڈ 116* 56 12 8 207.14 آسٹریلیا کرائسٹ چرچ 28 فروری 2010ء
تلکارتنے دلشان سری لنکا 104* 57 12 5 182.45 آسٹریلیا پالی کیلے 6 اگست 2011ء
سریش رینا بھارت 101 60 9 5 168.33 جنوبی افریقہ گروس آئی لیٹ 2 مئی 2010ء
مہیلا جے وردھنے سری لنکا 100 64 10 4 156.25 زمبابوے پروویڈنس 3 مئی 2010ء
رچی بیرنگٹن اسکاٹ لینڈ 100 58 10 5 172.41 بنگلہ دیش دی ہیگ 24 جولائی 2012ء