اجنتھا مینڈس زخمی، اہم مقابلے سے قبل سری لنکا پریشان

0 1,012

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء کے اہم ترین مقابلے سے قبل میزبان سری لنکا کو زبردست دھچکا پہنچا ہے کیونکہ اس کے اِن فارم اسپن گیند باز اجنتھا مینڈس کی جنوبی افریقہ کے خلاف مقابلے میں شرکت مشکوک ہے۔

اجنتھا مینڈس نے گزشتہ میچ میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بہترین باؤلنگ کا اپنا ہی ریکارڈ توڑا تھا (تصویر: AFP)
اجنتھا مینڈس نے گزشتہ میچ میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بہترین باؤلنگ کا اپنا ہی ریکارڈ توڑا تھا (تصویر: AFP)

سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان گروپ 'سی' کا اہم ترین مقابلہ ہفتے کو ہمبنٹوٹا میں کھیلا جائے گا، جہاں گروپ کے فاتح کا فیصلہ ہوگا لیکن اس اہم ترین مقابلے میں خدشہ ہے کہ سری لنکا کو اپنے مرکزی اسپنر کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔ مینڈس، جنہوں نے زمبابوے کے خلاف ٹورنامنٹ کے افتتاحی مقابلے میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ کی بہترین باؤلنگ کا ریکارڈ قائم کیا تھا، پہلو میں کھنچاؤ کے باعث مکمل صحت مند نہیں ہیں۔ وہ زمبابوے کے خلاف مذکورہ میچ میں اپنے حصے کے 4 اوورز مکمل ہوتے ہی باہر چلے گئے تھے۔

سری لنکا کے ٹیم مینیجر چارتھ سینانائیکے کا کہنا ہے کہ "جنوبی افریقہ کے خلاف مقابلے سے قبل ہمیں صرف مینڈس کے زخمی ہونے کی پریشانی ہے۔ ان پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے اور مقابلے سے قبل ان کی حالت کا جائزہ لیا جائے گا۔"

دونوں ٹیمیں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء کے سپر 8 مرحلے میں پہنچ چکی ہیں کیونکہ گروپ 'سی' کی تیسری ٹیم زمبابوے دونوں مقابلوں میں شکست کھا کر باہر ہو چکی ہے، لیکن ہفتے کو فتح کے لیے ذریعے دونوں ٹیمیں برتری ثابت کرنا اور فتح کے ساتھ اہم مرحلے میں قدم رکھنا چاہیں گی۔

بہرحال، اجنتھا مینڈس کی عدم موجودگی میں بھی سری لنکا کے پاس اسپن شعبے میں کافی کھلاڑی دستیاب ہیں۔ زمبابوے کے خلاف میچ میں تین وکٹیں سمیٹنے والے جیون مینڈس کے علاوہ رنگانا ہیراتھ اور نوجوان اکیلا دانن جایا کا انتخاب بھی کیا جا سکتا ہے۔